مقامی فنکاروں نے خوبصورت گیت پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی
یونان میں اس کلب کا قیام انتہائی ضروری تھا،امتیاز عالم،بدر منیر،ڈاکٹر طارق جاوید
ایتھنز(انصراقبال بسرا)پاکستان بزنس کلب یونان کے زیراہتمام ایتھنز میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا، عید ملن پارٹی میں پاکستانی بزنس کمیونٹی ،صحافی برادری اور پاکستانی کمیونٹی کی چیدہ چیدہ شخصیات نے شرکت کی ۔
تقریب میں مقامی فنکاروں نے خوبصورت گیت پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بزنس کلب کے منتظمین امتیاز عالم جعفری ، بدر منیر سندھو، ڈاکٹر طارق جاوید سہلریا نے کہا کہ اس وقت یونان کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس کلب کا قیام انتہائی ضروری تھا۔
پاکستان بزنس کلب کا مقصد یونان میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے درمیان اتفاق اور اتحاد قائم کرنا ہے تاکہ ہم مل جل کر ایک دوسرے کے مسائل حل کر سکیں اور یونان میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کو یونانی حکومت کے سامنے لے کر جانا ہے تاکہ ان کو بروقت حل کیا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد جمیل شاہ اور احسان کھٹانہ کا کہنا تھا کہ اس وقت یونان میں بزنس کمیونٹی اپنی مدد آپ کے تحت بہت سارے رفاہی کام بھی کر رہی ہے،یونان میں وفات پانے والے پاکستانیوں کی ڈیڈ باڈیز کے حوالے سے پاکستانی بزنس کمیونٹی کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
تقریب کے آخر میں امتیاز عالم جعفری نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بزنس کلب باقاعدگی سے قومی اور مذہبی تہوار منائے گا۔