پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی حجم میں غیر معمولی اضافہ ہوا،ہائی کمشنر آمنہ بلوچ
پاکستان کے چاول کا ذائقہ ملائشینز کو بہت زیادہ پسند ہے،داتو حارث فضیلہ حسن
کوالالمپور(محمدوقارخان)پاکستان ہائی کمیشن ملائیشیا کی طرف سے پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور مارکیٹنگ کیلئے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد، ہائی کمیشن نے رواں سال بھر کیلئے ملائشیا میں پروموشنل تقریبات کا سلسلہ ترتیب دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن ملائیشیا کی طرف سے پاکستانی کلچر اور مصنوعات کی تشہیر کے سلسلہ میں خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں حال ہی میں ملائیشیا کے 38 رکنی وفد نے پاکستان ایگری ایکسپو میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا ۔
اسی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان کی مختلف زرعی مصنوعات کی ملائشیا میں نمائش کے لیے 14-16 جولائی 2022 کو ملائیشیا انٹرنیشنل ریٹیل اینڈ فرنچائز ایگزیبیشن (MIRF) میں پاکستان پویلیئن قائم کیا گیا ۔جس میں متعدد پاکستانی کمپنیوں نے پھل، سبزیاں، چاول، ہاتھ سے بنے قالین، جڑی بوٹیاں، مسالے اور گھریلو ٹیکسٹائل وغیرہ کی مصنوعات کی نمائش کی۔
YBM داتوک حاجہ زریدہ قمرالدین (منسٹر آف پلانٹیشن انڈسٹریز) نے 15 جولائی 2022 کو پاکستان پویلئین کا افتتاح کیا۔ انہیں پاکستانی پھلوں، سبزیوں اور دیگر مختلف مصنوعات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ معزز وزیر نے تمام پاکستانی سٹالز کا دورہ کیا اور پاکستانی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان کی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ اور برناس کے گروپ منیجنگ ڈائریکٹر داتوک حارث فضیلہ حسن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ملائیشیا پاکستان بزنس کونسل، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، وزارت بین الاقوامی تجارت و صنعت، مقامی اور پاکستانی میڈیا کی ممتاز شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔
ہائی کمشنر نے اپنی افتتاحی تقریر میں تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے برناس کی جانب سے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون پر اظہار تشکر کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان گزشتہ دو سالوں کے دوران ملائیشیا کو چاول کے ایک اہم اور قابل اعتماد ایکسپورٹر کے طور پر ابھرا۔
ہائی کمشنر محترمہ آمنہ بلوچ نے کہا کہ دو برادر مسلم ممالک کے درمیان تعلقات میں گزشتہ چند برسوں کے دوران بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان ہائی کمیشن اور ملائیشیا کے مختلف تجارتی اداروں کے درمیان قریبی تعاون کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
خاص طور پر پاکستان کی برآمدات میں 300 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ ملائیشیا میں ہر قسم کے پاکستانی پھل اور سبزیاں دستیاب ہیں اور ہم AEON سپر مارکیٹ کی مختلف شاخوں میں فریش ایگری فیسٹیول کا انعقاد بھی کررہے ہیں ۔
داتو حارث فضیلہ حسن نے کہا کہ پاکستان کے چاول کا ذائقہ ملائشینز کو بہت زیادہ پسند ہے ۔ اس لیے اس کی برآمدات مسلسل بڑھ رہی ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر کراچی سے مشرقی ملائیشیا تک شپنگ کا انتظام کیا جائے تو پاکستان کی چاول کی برآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔
پاکستان، نیز ہائی کمیشن آف پاکستان فار ملائشیا، پاکستانی اشیاء کو متعارف کرانے اور پاکستان سے درآمد کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے محکمہ زراعت پنجاب، پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے، کیونکہ ملائیشیا کے لوگ پاکستان کی معیاری مصنوعات میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں ۔