پاکستان میں بدھ مت کے عظیم ورثے اور قدیمی مجسمے بھی نمائش میں رکھے گئے
تقریب میں FGS ٹیمپل کے خدمت گزاروں،میڈیا نمائندگان،پاکستانی و چائینیز کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی
کوالالمپور(محمد وقار خان)پاکستان ہائی کمیشن ملائشیا نے "فوگوانگ شان بدھسٹ آرگنائزیشن ” کے تعاون سے ملائشیا میں ایف جی ایس کے مرکزی ٹیمپل میں پہلی "ایکسپلور گندھارا” نمائش کا انعقاد کیا۔
پاکستان میں بدھ مت کے عظیم ورثے اور مقدس مقامات کی عکاسی کرتی تصاویر کے ساتھ ساتھ قدیمی مجسمے بھی نمائش میں رکھے گئے تھے۔ نمائش کا ربن کاٹنے کی تقریب میں ملائیشیا کی سیاحت ، فنون لطیفہ اور ثقافت کے نائب وزیر عزت مآب داتوک سِری ڈاکٹر سنتھارا مہمان خصوصی تھے۔
پاکستان کی زرعی مصنوعات اور دستکاری ثقافت کو ظاہر کرنے کیلئے سٹالز لگائے گئے ، جبکہ شرکاء کو روایتی پاکستانی پکوان پیش کیے گئے۔ نمائش کے دوران گندھارا تہذیب پر مختصر دستاویزی فلم بھی چلائی گئی۔ اور روایتی پاکستانی ڈھول اور پنجابی ڈانس پرفارمنس کے ساتھ ساتھ رباب کی دھنوں سے تقریب کو روںق بخشی گئی ۔
نائب وزیر سیاحت نے اپنے ریمارکس میں پاکستان کے شاندار بدھ مت تاریخی ورثے ، لوکل فن اور سیاحوں کے لیے بے مثال اہمیت کو اجاگر کیا ۔
نمائش کے انعقاد پر پاکستان ہائی کمیشن اور FGS ٹیمپل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ نمائش ملائشیا کے شہریوں میں گندھارا کی عظیم تہذیب کے بارے میں شعور اجاگر کرکے سیاحت کے شعبے میں پاکستان اور ملائشیا کے درمیان دوطرفہ تعاون میں اضافہ کرے گی۔
تقریب میں FGS ٹیمپل کے خدمت گزاروں، میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی ، چائینیز کمیونٹی کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔