روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کا ایک سال مکمل، ترسیلات دو ارب 11 کروڑ ڈالر سے متجاوز

کویت(تارکین وطن نیوز) روشن ڈیجیٹل اکائونٹ (آر ڈی اے) کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر دو ارب 11 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئیںجبکہ رواں سال 2021ء کے اختتام تک یہ ساڑھے تین ارب ڈالر سے چار ارب ڈالر پہنچنے کی توقع ہے۔

پاکستان کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے شعبہ ریسرچ کے سربراہ سمیع اللہ طارق نے بتایا کہ ستمبر 2020ء میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کا آغاز کیا تھا اور جولائی 2021ء کے اختتام تک دس ماہ کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے آر ڈی اے میں ایک ارب 87 کروڑ ڈالر جمع کرائے۔

انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں جون اور جولائی 2021ء میں اوسطاً ماہانہ 30 کروڑ ڈالر سے زائد ترسیلات جمع ہوئیں، اگر رواں سال کے باقی پانچ ماہ بھی یہ شرح برقرار رہی تو سال کے آخر تک روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے ساڑھے تین ارب سے چار ارب ڈالر کی ترسیلات زر متوقع ہیں۔سمیع اللہ طارق نے مزید کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے آغاز کے بعد ہر ماہ رقوم کی وصولی میں مسلسل اضافے کا رجحان رہا ہے اور اس میں مزید اضافہ ممکن ہے۔

دوسری جانب سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ اگست 2021ء میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں 24 کروڑ 50 لاکھ ڈالر جمع ہوئے یوں ستمبر میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کا ایک سال مکمل ہونے پر اس میں مجموعی طور پر دو ارب 11 کروڑ 40 لاکھ ڈالر جمع ہو چکے ہیں۔

ایک سال کے دوران 175 ملکوں میں مقیم دو لاکھ 20 ہزار 806 پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کھلوائے، دو ارب 11 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی مجموعی رقم میں سے ایک ارب 47 کروڑ 50 لاکھ ڈالر نیا پاکستان سڑٹیفکیٹس میں انویسٹ کیے جا چکے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment