نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کا بھی دورۂ پاکستان منسوخ ،چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ مایوس

لندن(تارکین وطن نیوز)نیوزی لینڈ کی جانب سے میچ سے چند منٹوں قبل دورہ پاکستان ختم کرنے کے بعد اب انگلینڈ نے بھی دورہ پاکستان منسوخ کرتے ہوئے اس سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ای سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے اپنی دونوں مینز اور ویمنز ٹیموں کی اکتوبر میں دورہ پاکستان سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی وجوہات کو جواز بنا کر یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے دورہ پاکستان میچ سے چند منٹ قبل ختم کردیا تھا۔

بعدازاں نیوزی لینڈ کے میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ انہیں پانچ ملکی سیکیورٹی ایجنسی اتحاد "فائیو آئیز” نے تھریٹ دیا تھا کہ ٹیم پر حملہ ہوسکتا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ اس اتحاد میں امریکا، انگلینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا اور برطانیہ شامل ہیں۔

اس تمام تر صورتحال کے پیشِ نظر ان خدشات کا اظہار کیا جارہا تھا کہ نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ بھی اپنا دورہ پاکستان منسوخ کرسکتا ہے۔اس پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کو ختم کرنے کے معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے اور جلد اس پر فیصلہ کریں گے۔ تاہم اب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان کو ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے۔

ادھر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سیریز منسوخ کرنے کا مایوس کن قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے کرکٹ کھیلنے والے ملک کو جب ان کی سب سے زیادہ ضرورت تھی تو انکا ساتھ نہیں دیا۔یہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ویک اپ کال ہے کہ وہ دنیا کی بہترین ٹیم بنے تاکہ ٹیمیں بہانے بناکر ان سے سیریز ملتوی نہ کریں۔

Comments (0)
Add Comment