مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے تارکین وطن کی کوششیں قابل تعریف ہیں:سفیرڈاکٹرمحمد فیصل
سفیرپاکستان ڈاکٹر محمد فیصل کی سیلے کے لارڈ میئر ڈاکٹر جورگ نیگے سے ملاقات
ڈاکٹر نیگے کا پاکستان میں سیلاب سے ہو نیوالے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصانات پراظہارافسوس
برلن(رپورٹ:مطیع اللہ)سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے سیلے کے لارڈ میئر ڈاکٹر جورگ نیگے سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ڈاکٹر نیگے نے سفیر پاکستان کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں سیلاب کی موجودہ تباہ کن صورتحال کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستانی تارکین وطن اور جرمن حکومت کے مقامی اہلکار بھی موجود تھے۔ کمیونٹی کے ممتاز افراد اظہر ساہی، ٹکا خان، چوہدری افضل اور چوہدری مقصود سندھو بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔
انہوں نے سیلاب زدگان کے لیے جمع کیے گئے 27,870 یورو عطیات کے چیک سفیر پاکستان اور ان کی اہلیہ کے حوالے کیے۔ کمیونٹی ممبران نے سیلاب زدگان کے لئے 10 ملین روپے کا اضافی عطیہ دینے کا بھی وعدہ کیا تھا۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کمیونٹی ممبران کا ان کی مسلسل حمایت اور اپنے ہم وطن بہن بھائیوں بارے روارکھے گئے حسن سلوک پر انکا شکریہ ادا کیا۔
پاکستانی سفیر نے ٹاؤن ہال میں تقریب کی میزبانی کرنے پر سیلے کے لارڈ میئر کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کمیونٹی کے ساتھ مل کر پاکستان کے لیے کام کرنے کے ضمن میں ہر ممکن اقدام اٹھانے کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔
سفیر نے لارڈ میئر اور ان کے ساتھیوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور انہیں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم اور فروغ دینے کے لیے سفارت خانے کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔