بتوں سے تجھ کو امیدیں، خدا سے نومیدی مجھے بتا تو سہی اور کافری کیا ہے؟

0

ادبی بیٹھک ہال قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اقبال ڈے اور ڈاکٹر وحید الزمان طارق کی تاج پوشی

قیام پاکستان کے لئے شاعر مشرق کی فکری خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، مقررین

اس موقع پر ڈاکٹر وحید الزمان طارق کی بے پایاں ادبی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیاگیا

دبئی (طاہر منیر طاہر) حکیم الامت، شاعرِ مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال، جنہوں نے مسلمانانِ ہند کو آزادی کا مقصد اور امتِ مسلمہ کے زوال کے اسباب سمجھانے میں بہت کلیدی کردار ادا کیا۔ آپ نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو بیدار کیا۔ آج بھی آپ کی تعلیمات نوجوانوں کے لئے مشعلِ راہ ہیں۔ اقبال کی انقلابی شاعری نے نہ صرف برصغیر کے مسمانوں میں ایک ولولہ پیدا کیا بلکہ ارد گرد کے مسلمانوں کے ایمان کو بھی تقویت بخشی۔

ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا

ہر سال 9 نومبر تو آتا ہے لیکن ہر سال اقبال نہیں آتا اب اس کے لئے ہزاروں سال منتظر رہنا پڑے گا، دنیا بھر میں علامہ اقبال کی تعلیمات،شاعری،نظم و نثر کے ماہرین موجود ہیں مگر جو دسترس و اقبال بینی اور علامہ محمد اقبال کے خدوخال پر جو عبور ڈاکٹر وحید الزمان طارق کو ھے اسے سب تسلیم کر تے ہیں۔ اس دور میں وہ اقبال کی تعلیمات پر لیکچرز، سیمینارز،خطبات، درس و تدریس پر جتنا کام کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔

9نومبر 2024 کو علامہ محمد اقبال کی 145ویں برتھ ڈے پر جہاں علامہ محمد اقبال کی سالگرہ منائی گئی اور سالگرہ کا کیک کاٹا گیا وہیں ڈاکٹر وحید الزمان طارق کی شاندار خدمات پر انکی تاجپوشی کی تقریب ادبی بیٹھک ہال قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد کی گئی- مقررین نے علامہ اقبال کی تعلیمات پر سیر حاصل گفتگو کی اور وحید الزمان طارق کی بے پایاں خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر پروفیسر مظفر عباس، ڈاکٹر عبدالروف غنی، راو اسلم خان،اعظم منیر،زید حسین ودیگر مقررین نے علامہ محمد اقبال کی تعلیمات پر گفتگو کی اور انکی فکر کے ہر ہر گوشے پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے فلسفے اور خودی پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔مصورے پاکستان کی شاعری میں قوموں کی تقدیر بدلنے کا پیغام ہے۔قیام پاکستان کے لئے شاعر مشرق کی فکری خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا انہوں نے کہا کہ فکر اقبال کو نوجوان نسل تک پہنچانا بہت ضروری ہے۔اسکے لئے کلام اقبال کو تعلیمی نصاب میں زیادہ سے زیادہ شامل کیا جائے۔

آخر میں ڈاکٹر وحید الزمان طارق نے علامہ اقبال کی سالگرہ کا کیک تمام مہمانوں کے ہمراہ کاٹا۔انہوں نے علامہ محمد اقبال کے لئے اپنی کاوشوں پر مقررین و اہل وطن کی محبتوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دبئی متحدہ عرب امارات میں قیام کے دوران طاہر منیر طاہر،شیخ محمد پرویز، ع س مسلم اور پرنس اقبال کا مشکور و ممنون ہوں کہ انہوں نے ہر قدم پر میرے اقبالیات مشن پر مجھے سپورٹ کیا۔

آخر میں اس تقریب کے روح رواں نے حاضرین محفل اور اپنی انتظامی ٹیم ڈاکٹر ثمینہ چوہدری، نصار احمد، ڈاکٹر عمرانہ مشتاق، زبیر اشرف، شفیق الرحمان،راؤ عتیق اسلم اور زید حسین کا شکریہ ادا کیاجبکہ مہمانوں کی تواضع اشیائے خورد و نوش سے کی گئی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!