برسلزمیں حضورنبی اکرمؐ کی ولادت با سعادت کے موقع پرخواتین کیلئےخصوصی تقریب کا اہتمام

0

تقریب کااہتمام خواتین ونگ کی صدر فریدہ سید نے ممتازسماجی راہنما امین الحق کے تعاون سے کیا

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی خواتین اوربچیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی

برسلز (نمائندہ خصوصی) حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کے موقع پر یورپین دارالحکومت برسلزمیں خواتین کیلئے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیاگیا۔اس تقریب کا اہتمام خواتین ونگ کی صدر فریدہ سید نے ممتاز سماجی راہنما اور آندرلیخت میں ٹرائی اینگل کی کاروباری تنظیم کے صدر امین الحق کے تعاون سے کیا تھا۔

 تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی خواتین اور بچیوں کی ایک بڑی تعداد مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ شریک ہوئی۔ اس موقع پر نبی مکرم کے حضور ہدیہ تبریک پیش کیا گیا ۔ بچیوں نے نعت خوانی کی اور مقررین نے حضور صلی اللہ علیہ کے اسوہ حسنہ کو بیان کیا۔

مقررین نے سامعین کو مخاطب بناتے ہوئے تلقین کی کہ ہم سب کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ خدا کے آخری رسول،اللہ کا وہ کون سا پیغام لائے تھے جو انسانوں کی راہنمائی کیلئے ضروری تھا اور جس کیلئے آپ نے اپنی زندگی میں اتنی سختیاں اور تکلیفیں برداشت کیں۔ اس کے علاوہ وہ کون سے اعمال تھے جن پر عمل کرنے سے نہ صرف فرد اور معاشرے کو سکون حاصل ہوتا ہےبلکہ اللہ کی قربت بھی نصیب ہوتی ہے۔

تقریب کے منتظمین کی جانب سے اس کی ترتیب کو بہت پر اثر بنایا گیا تھا۔ جس سے ساری تقریب میں آخر تک ایک مذہبی شعور کا احساس قائم رہا۔اسے پر اثر بنانے میں جن خواتین نے کردار ادا کیا ان میں ریحانہ صدیقی،رخسانہ عزیز، مس رفاقت،عدیلہ ادریس اور فرزانہ ریاض شامل تھیں۔ 

خواتین کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت منعقد کی جانے والی اس تقریب کی خاص بات شریک بچیوں کی جانب سے نعت خوانی اور حضور کا اسوہ بیان کرتے ہوئے قومی زبان اردو کا خوبصورت استعمال تھا۔ 

بعد ازاں تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں کی پاکستان کے روائتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!