بیرون ملک سے اہلخانہ سے ملنے آنیوالا شخص کزن کے ہاتھوں ذبح

0

کراچی (نیوزڈیسک) بن قاسم کے علاقے میں بیرون ملک سے مختصر چھٹی پر اپنے اہل خانہ سے ملنے کے لیے آنے والے شخص کو کزن نے ذبح کردیا۔

پولیس کے مطابق اللہ بخش حمائتی گوٹھ فٹبال گراؤنڈ کے قریب گھر سے ایک شخص کی ذبح شدہ لاش ملی، جس کی شناخت32سالہ صغیر بختی ولد غلام شبیر کے نام سے کی گئی۔ مقتول2 بچوں کا باپ اور15 روز قبل ہی عمان سے ایک ماہ کی چھٹی لے کر بیوی بچوں سے ملنے آیا تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول کو اس کے کزن مظفر ولد عاشق نے گھریلو جھگڑے کے دوران گلے پر تیز دھار آلے کا وار کرکے قتل کردیا۔ اطلاع ملنے پر مددگار 15 پولیس فوری جائے وقوع پر پہنچی اور علاقہ مکینوں کی نشاندہی پر قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، جس نے خود کو گھر کے غسل خانے میں چھپا لیا تھا۔

مقتول کا آبائی تعلق جیکب آباد سے تھا۔ قتل کے الزام میں حراست میں لیا جانے والا ملزم مظفر مقتول کے گھر کے قریب ہی رہائش پذیر ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی اہلیہ یا کوئی اور رشتے دار اگر مقدمہ درج کرانے نہیں آیا تو پولیس سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرے گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!