سویڈن کا روس کیخلاف یوکرین کو جدید دفاعی ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان

0

حالیہ سرد موسم میں جو پہل کرے گا وہ حالات بدل سکے گا،سویڈن کے وزیرِاعظم کی پریس کانفرنس

اسٹاک ہوم(زبیر حسین سے)روس یوکرین جنگ میں سویڈن کی جانب سے آرچر آرٹلری اوراینٹی ٹینک مزائل مدد کے لئے کیف بھیجے جائیں گے،جمعرات کے روز اہم پریس کانفرنس میں سویڈن کے وزیرِاعظم اولف کرسترسن نے اپنے اتحادیوں کے ہمراہ یوکرین کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سرد موسم میں جو پہل کرے گا وہ حالات بدل سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق روس یوکرین جنگ میں یورپ کی جانب سے اہم پیش رفت ہونے جارہی ہے، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے جمعرات کو مغربی اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ کیف کو مزید بھاری ہتھیار فراہم کریں اسی سلسلے کی کڑی میں سویڈن کے وزیرِاعظم اولف کرسترسن کی جانب سے اہم پریس کانفرنس کی گئی جس میں اتحادی حکومت نے اعلان کیا کہ سویڈن کی جانب سے یوکرین کو آرٹلری آرچر، پچاس CV90 بکتر بند گاڑیاں اور NLAW پورٹیبل اینٹی ٹینک میزائل بھیجےجائیں گے ۔

مقامی طور پر تیار کردہ آرچر آرٹلری سسٹم ایک مکمل خودکار ہووٹزر پر مشتمل ہے جو ایک آل ٹیرین گاڑی پر نصب ہے، جس سے گن کو بکتر بند ٹیکسی میں بیٹھا عملہ دور سے داغ کر اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔وزیر دفاع پال جانسن نے کہا کہ حکومت نے مسلح افواج کو احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ اسٹاک میں موجود مذکورہ ہتھیاروں کی تعداد سے حکومت کو آگاہ کریں اور جلد از جلد ان ہتھیاروں کی یوکرین کو فراہمی یقینی بنائیں۔

امریکہ جو کیف کا اہم حمایتی ہےجمعے کو تقریباً 50 ممالک کا ایک اجلاس طلب کر رہا ہے جس میں بشمول نیٹو اتحاد کے تمام 30 ارکان بھی شامل ہونگے، مذکورہ اجلاس جرمنی میں امریکہ کے زیر انتظام رامسٹین فوجی اڈے پرطلب کیا گیا ہے جہاں یوکرین کی فوجی امداد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائےگا۔

یوکرین کی مدد کے حوالے سے یہ اب تک کی سب سے اہم پیش رفت ہے جہاں نہ صرف سویڈن بلکہ فرانس نے اپنے انتہائی موبائل AMX-10 RCs کی پیشکش کی ہے،برطانیہ نے اس ہفتے کے آخر میں 14 چیلنجر 2 ٹینکوں کا وعدہ کیا ہے،امریکہ نے اپنی بریڈلی بکتر بند لڑاکا گاڑیاں بھیجنے کا بھی وعدہ کیا ہےاور جرمنی پر اتحادی ممالک کی جانب سے دباؤڈالا جارہا ہے کہ وہ اپنے لیپرڈ ٹینک یوکرین کی مدد کے لئے بھیجے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!