ماڈریٹ پارٹی کے پاکستانی نژاد میونسپل سیاستدان عمیرضیا بھٹی کی سویڈش مائگریشن منسٹر ماریہ مالمر سے خصوصی ملاقات
اسٹاک ہوم (رپورٹ:زبیر حسین) بوٹ شرکا میونسپلٹی کے پاکستانی نژاد سیاستدان عمیر ضیا بھٹی کی گزشتہ روز سویڈن کی مائگریشن منسٹر سے خصوصی ملاقات ہوئی۔
عمیر ضیا بھٹی نے پاکستان پریس کلب اسکینڈے نیویا کے نمائندگان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان سے متعلق بہت سے اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں خصوصی طور پر اسلام آباد میں قائم سویڈش سفارتخانے کی عارضی بندش پر ماریہ مالمر کی توجہ مرکوز کرائی گئی کہ پاکستانی طلبہ، ورک پرمٹ کے متلاشی اور سویڈن میں مقیم پاکستانیوں کے رشتہ داروں کے لئے یہ ممکن نہیں کہ وہ اپنے ویزوں کی درخواستیں ایتھوپیایا دیگر ممالک میں قائم سویڈ ش سفارتخانوں تک پہنچا سکیں۔
عمیر ضیا بھٹی کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ای میلز موصول ہورہی ہیں، عوام اپنی مشکلات کا سبب ڈھونڈنے کے لئے براہ راست سویڈن کے ایوانوں تک درخواست بھیجنا چاہ رہے ہیں جس پر ماریہ مالمر کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کے حوالے سے سویڈن کی وزارتِ خارجہ سے جلد رابطہ کریں گی تاکہ اس قسم کی پیچیدگیوں کا کوئی مؤثر حل نکل سکے۔