برسلز میں ’ہیریٹیج ڈے‘ کے موقع پر پاکستانی سفارت خانے میں تقریب کا انعقاد

0

برسلز( نمائندہ خصوصی) یورپین دارالحکومت برسلز میں ’ہیریٹیج ڈے‘ کے موقع پر سفارت خانہ پاکستان برسلز نے بھی بیلجئین شہریوں کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے سفارت خانے میں مختلف سٹال لگائے گئے تھے۔

جہاں پاکستان کے چاروں صوبوں میں بننے والے دستکاری کے نمونے، پاکستان کے روائیتی کھانے اور پاکستان سے یورپ آنے والی خشک خوراک اور دیگر مصنوعات شامل تھیں۔

جبکہ کشمیری کھانوں کا سٹال علیحدہ سے لگایا گیا تھا۔ جہاں کشمیر کونسل کے چیئرمین علی رضا سید اور ان کی ٹیم نے زعفرانی چاولوں، لوبیا کے سالن، پلائو اور حلوے کے علاوہ کشمیری چائے سے مہمانوں کی تواضع کی۔

جبکہ روائتی پکوڑے، سموسے اور چاٹ بھی مقامی لوگوں کی توجہ کا خوب مرکز رہے۔

برسلز اربن ازم کے تحت منعقد ہونے والے اس ہیریٹیج ڈے کا وقت صبح 10 سے شام 4 بجے تک رکھا گیا تھا۔ لیکن مقامی لوگوں کی آمد صبح سے ہی شروع ہوگئی تھی جہاں سفیر پاکستان آمنہ بلوچ سمیت سفارت خانے کے افسران نے انہیں خوش آمدید کہا۔

علاوہ ازیں اس موقع پر سماجی راہنما امین الحق اور ان کی ٹیم نے پاکستان کے روائیتی لباسوں کے سٹالز کی صورت میں پاکستان کا رنگ نمایاں کیا۔

جبکہ ایک تصویری نمائش بھی لگائی گئی تھی۔ جہاں پاکستان کے قدرتی حسن کو تصاویر کی صورت میں پیش کیا گیا تھا۔

سفیر پاکستان آمنہ بلوچ اور سفارت خانے کے دیگر افسران آنے والے مہمانوں کے درمیان گھل مل گئے اور ان کی جانب سے کیے جانے والے مختلف سوالوں کے جوابات دیے۔

اس لحاظ سے یورپین دارالحکومت برسلزمیں منعقد ہونے والا یہ ہیریٹیج ڈے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کر نے کا ایک بہترین ذریعہ ثابت ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!