فیس بک پر اوورسیز پاکستانیوں کے جعلی اکاؤنٹ بنا کر مسلسل فراڈ جاری

0

سٹاک ہوم (رپورٹ زبیر حسین) اوورسیز پاکستانیوں کے نام پر مسلسل فراڈ، سم رجسٹریشن اور سم کی بندش کے حکومتی اقدامات ناکام، ایزی پیسہ کے ذریعے عوام ایک آسان اور گھنائونے فراڈ کا شکار ہونے لگی، سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کے جعلی اکاؤنٹ بنا کر پاکستان میں موجود ان کے دوست احباب اور قریبی رشتے داروں کو نشانہ بنایا جانے لگا۔

تفصیلات کے مطلبق ڈیجیٹل دور میں ڈیجیٹل فراڈ سے پاکستانی عوام مسائل سے دوچار، فیس بک پر اوورسیز پاکستانیوں کے جعلی اکاؤنٹ بنا کر پاکستان میں رہائش پذیر دوست احباب تک رسائی کی جاتی ہے، جس کے بعد واٹس ایپ کے جعلی ورچیول اکاؤنٹ سے رابطہ کرکے سادہ لوح عوام کو نشانہ بنایا جاتا ہے ۔

یوں تو اکثریت اس فراڈ سے واقف ہوچکی ہے مگر اب بھی چند افراد جانے انجانے میں اس چال بازی کے جال میں پھنس کر اپنی جمع پونجی گنوا دیتے ہیں، کہیں کوئی غریب ادھار رقم جمع کرکے اپنے پیاروں کی مدد کرنے میں مشغول ہوتے ہیں تو کبھی کوئی اندھے اعتبار کا نشانہ بنتے ہیں۔

حکومتِ پاکستان کی جانب سے اس ڈیجیٹل فراڈ کی روک تھام کے لئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا، موبائل سم کی غیرقانون خریدو فروخت تو روک دی گئی، یہاں تک کے اضافی سم کی بندش بھی عمل میں لائی جارہی ہے مگر ایزی پیسہ کی شکل میں یہ فراڈ جاری و ساری ہے جسے روکنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے۔

اس فراڈ میں ملوث افراد ملک کے مختلف علاقوں سے بزرگ افراد کے نام پر موبائل سم حاصل کرتے ہیں اور ان کے نام کا ایزی پیسہ اکاؤنٹ بنا کر لوٹ مار کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کی حکومتِ پاکستان اور متعلقہ اداروں سے درخواست ہے کہ اس منظم ڈیجیٹل فراڈ سے عوام کو تحفظ دلایا جائے تاکہ عوام سکون کا سانس لے سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!