بزم اردو دبئی کا نصب العین صرف اور صرف اردو کی بقا ہے

0

دبئی (طاہر منیر طاہر) بزم اردو دبئی غیر مذہبی،غیر سیاسی اور غیر منافع بخش تنظیم ہے۔ جس کا نصب العین صرف اور صرف اردو کی بقا ہے۔ اسی لئے ایسے پروگرام منعقد کرواتی رہتی ہے۔ جس سے اردو کو فروغ حاصل ہو۔ اس کا مقصد گھر گھر اردو پہنچانا ہے۔ خاص طور پر ہمارے آج کے دور کے بچے جو اردو زبان سے بہت دور جا چکے ہیں ان کے دلوں میں اردو کی محبت جگانا ہے۔ اسی کے پیش نظرعجمان کے ایک فارم ہاؤس میں بزم اردو دبئی کی سترہویں بیٹھک سجائی گئی۔ جس کا آغاز بزم اردو کی ممبر صائمہ نقوی نے اس ترانے سے کیا جو بزم اردو کے سینئر ممبر احیاء الاسلام نے بزم اردو دبئی کے دس سال مکمل ہونے کی خوشی میں بطور تحفہ پیش کیا تھا۔

اس بیٹھک میں بزم اردو دبئی کے بانی اور جنرل سیکرٹری ریحان خان اور ان کی اہلیہ نے خاص طور پر شرکت کی اور محفل کی رونق کو دوبالا کر دیا۔ صائمہ نقوی نے پروگرام کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ بزم اردو دبئی نے اپنی بیٹھک میں "بزم اردو اسٹوڈیو ” کے نام سے ایک نئے پروگرام کا آغاز کیا ہے ۔ جس کے سلسلے کی پہلی کڑی آج کا پروگرام ہے۔ اس کے بعد بزم اردو اسٹوڈیو کا آغازہوا، سیدہ عیشال زینب نقوی نے نظامت کے فرائض بخوبی انجام دیے اور اسٹوڈیو میں بیٹھے تمام مہمانوں کا تعارف کروایا۔ آنکھیں محو حیرت تھیں کہ چھوٹے چھوٹے بچے انتہائی خوبصورتی آور عمدگی سے اتنی بڑی اور اہم شخصیات کا روپ دھارے بیٹھے تھے۔

قانیطہ فہیم الاعمال انگلش ہائی اسکول سے، بانو قدسیہ کے روپ میں نظر آئیں۔ بلاول شاہد پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی سے مستنصر حسین تارڑ کے کردار میں،عریبہ خان، ہاجرہ مسرور کی شخصیت اپنائے ہوئے، نتاشہ سلیم انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول سے، ڈاکٹر سیدہ عارفہ زہرہ کا کردار بخوبی نبھاتے ہوئے، سید عدیل رضا پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی، سےشوکت تھانوی کے روپ میں، بسمہ رفیع الدین قراۃ العین حیدر کے انداز کو اپنائے ہوئے پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی دبئی سے، ثنا عمران پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی سےعصمت چغتائی کے روپ میں ڈھلی نظر آئیں۔

ناظمہ عیشال زینب اپنے خوبصورت انداز میں سوالوں کا سلسلہ جاری رکھے ھوئے تھیں اور بچے بخوبی اردو ادب کی ان اہم شخصیات کے روپ، انداز بیاں اور انہی کے لب ولہجے میں ڈھل کرعمدگی سے سوالوں کے جواب دے کر حاضرین سے داد وصول کر رہے تھے۔ اسی سلسلے کے دوران ان ادبی شخصیات کے فن پارے بھی پڑھے گئے ۔ بزم اردو کے ممبران سلیم اور زبیدہ خانم کے خوبصورت انداز بیان نے اس پروگرام کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر دیا۔

پروگرام کے اختتام پر تمام حاضرین کے چہروں پر خوشی جھلکتی نظر آئی خاص طور پر ریحان خان آور ان کی اہلیہ کی خوشی دیدنی تھی۔ انہوں نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر محسوس ہو رہا ہے کہ بزم اردو دبئی اپنے مقصد میں کامیاب ہو رہی ہے۔ آج بچوں کی اس عمدہ پرفارمنس سے یقینا ہم سب کی معلومات میں بے حد اضافہ ہوا ہے اور انشاءاللہ بزم اردو گاہے بگاہے اس طرز کے پروگرام ترتیب دیتی رہے گی۔

آخر میں بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں سرٹیفکیٹ اور تحائف پیش کئے گئے۔ تمام مہمانوں، بچوں کے والدین کا شکریہ ادا کیا گیا اور خاص طور پراپنے تمام ممبران کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!