منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے زیراہتمام ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی سالگرہ پر دعائیہ تقریب
ڈنمارک (رپورٹ:انصر اقبال بسراء) منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے نارتھ ویسٹ مرکز پر منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے زیر اہتمام منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کو نسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی سالگرہ کی مناسبت سے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جبکہ سکول کے طلباء و طالبات نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔
پرنسپل منہا ج سکول ڈنمارک علامہ ڈاکٹر حافظ محمد ادریس الازہری نے اپنے استقبالیہ کلمات میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی ہمہ جہت شخصیت کے حوالہ سے جامع تعارف پیش کیا اور چیئرمین سپریم کونسل کی سالگرہ کے موقع پر ان کی تعلیمی ، مذہبی، سماجی ، تربیتی اورتنظیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری قدیم و جدید علوم میں مہارت رکھنے والی شخصیت ہیں ،جنھوں نے پنجاب یونیورسٹی سے لا ءگریجویشن کی ڈگری، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن لاہور سے سات سالہ علوم شریعہ کی تکمیل ، منہاج یونیورسٹی لاہور سے ماسٹرز ان عریبک اینڈ اسلامک سائنسز، سٹی یونیورسٹی لندن سے Management Sciences میں ایم ایس سی، کاس بزنس سکول سٹی یونیورسٹی لندن سے Organizational Behavior and Development میں سپیشلائزیشن ، دستور مدینہ اور امریکی، برطانوی اور یورپی قوانین کے تقابلی و تجزیاتی مطالعہ کے موضوع پر مصر سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور آپ کے تحقیقی مقالہ کی کتاب تین زبانوں میں شائع ہوچکی ہے۔
آپ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین، منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ممبراور فیکلٹی آف لاء کے ڈین ہیں ، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن اور منہاج کالج فار ویمن کے سرپرست ہیں اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا بین الاقوامی نیٹ ورک چلارہے ہیں ،پاکستانی مدارس میں جدید خطوط پر استوار نظام تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں نظام المدارس کے سرپرست ہیں ۔
پرنسپل نے مزید کہا کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری وہ شخصیت ہیں جو کہ شیخ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے علمی وروحانی فیضان کے امین ہیں، جن کا بے داغ ماضی ،باکردار سیرت اورباجمال صورت ہے۔
تقریب سے صدر منہا ج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک قیصرزبیر نجیب نے ڈینش زبان میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا تعارف اور انکی خدمات کا ذکر کیا اور کہا کہ ڈنمارک کی سرزمین پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے چار مراکز قائم ہیں جہاں سے اہل ایمان کے لیے تعلیمی، تربیتی اور تبلیغی خدمات کے علاوہ نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تعلیم و تربیت کا ایک مثالی انتظام ہے۔ ڈنمارک میں منہاج القرآن انٹرنیشنل دینی علم کے فروغ میں بے مثال خدمات سرانجام دے رہی ہے جس کے ذریعہ سے مسلم کمیونٹی بالعموم اور نوجوان نسل بالخصوص دینی تعلیم و تربیت سے آراستہ ہو رہی ہے۔
تقریب سے ڈائریکٹر منہا ج ایجوکیشن بورڈ ڈنمارک فیصل نجیب نے کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے سنٹر انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء وطالبات کو اس خوشی کے موقع پر مبارکباد دی ۔انہوں نے تمام اساتذہ کی خدمات کو سراہا ۔
دعائیہ تقریب میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اورپرنسپل ڈاکٹر علامہ حافظ محمد ادریس الازھری نے دعا کروائی،اختتام پر تمام طلباء وطالبات کو کیک پیش کیا گیا۔
دعائیہ تقریب میں قیصرزبیر نجیب ، حافظ سجاد احمد، علی عمران، رضوان احمد ، فیصل نجیب، قاری محمد ندیم اختر، قاری ولایت خان ،کاشف خان، نفیس فاطمہ افتخار، انیسہ شاہین ، صدف شمس، یاسمین ندیم ، مریم ادریس نے شرکت کی ۔