چین، شینزو-19 کی لانچنگ اور2030تک چینی خلابازوں کی چاند پر لینڈنگ کا ہدف

0

خلائی پروگرام شینزو 20، شینزو21 اور تھیان چو9 کے تین مشنزانجام دےگا، ترجمان

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے شینزو-19انسان بردار خلائی مشن سے متعلق ایک پریس کانفرنس چین کے جیو چھیوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں منعقد ہوئی۔منگل کے روز ترجمان نے بتا یا کہ شینزو-19 انسان بردار خلائی جہاز بیجنگ وقت کے مطابق بد ھ کی صبح 4 بج کر 27منٹ پر لانچ کیا جائے گا۔ شینزو-19 انسان بردار مشن تین خلابازوں چائی شو زے، سونگ لینگ ڈونگ اور وانگ ہاؤزے پر مشتمل ہے ، جن میں کائی شو زے کمانڈر ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق 2025 میں چین کا انسان بردار خلائی پروگرام شینزو 20، شینزو 21 اور تھیان چو 9 کے تین مشنز انجام دےگا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال مئی میں چینی خلابازوں کی چوتھی کھیپ کا انتخاب مکمل کیا گیا تھا جو 10خلابازوں پر مشتمل ہے ۔ان میں 8 خلاباز اور 2 پے لوڈ ماہرین شامل ہیں۔ خلا بازوں کی چوتھی کھیپ نہ صرف خلائی اسٹیشن پر مشن انجام دے گی بلکہ مستقبل میں چاند پر انسان بردار مشن بھی انجام دے گی۔

ترجمان نے کہا کہ چین 2030تک چینی خلابازوں کی چاند پر لینڈنگ کے ہدف کو مدنظر رکھتے ہوئے اس وقت جامع تحقیقاتی منصوبے سمیت مختلف ترقیاتی امور کو بھرپور فروغ دے رہا ہے۔علاوہ ازیں ، تھیان چو 8 مشن پلان کی ایڈجسٹمنٹ کے بعد اسے رواں سال نومبر کے وسط میں مناسب وقت پر لانچ کیا جائے گا۔ فی الحال نئے منصوبے کے مطابق تھیان چو8 مشن کی تیاریاں آگے بڑھ رہی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!