ماحیاتی تہذیب،ماحولیاتی تحفظ اورعالمی ہم آہنگی کے موضوع پرسیمینار کا انعقاد

0

ماہرین کا ماحولیاتی تحفظ کو معاشی ترقی کے ساتھ ضم کرنے پر زور

اسلام آباد (ویب ڈیسک) چائنا میڈیا گروپ اور انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے اشتراک سے پاک ۔ چین پائیدار مستقبل کا ویژن:ماحیاتی تہذیب، ماحولیاتی تحفظ اور عالمی ہم آہنگی کے موضوع پر ایک مذاکرے کا اسلام آباد میں اہتمام کیا گیا۔ بدھ کے روز چینی صدر شی جن پھنگ کے "ماحولیاتی تہذیب” کے وژن اور پاکستان کے ماحول دوست اقدامات پر مبنی اس مذاکرے میں پالیسی سازوں، ماحولیاتی ماہرین اور محققین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی اور ماحولیاتی تحفظ کو معاشی ترقی کے ساتھ ضم کرنے پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی صبحین غوری نے کہا کہ ہمیں ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے چین پاکستان تعاون منصوبہ جات کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہیے۔مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے صدر سینیر سفارت کار جوہر سلیم نے چائنا میڈیا گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چین کی ماحول دوست پالیسیوں پر خوب روشنی ڈالی ۔

اس موقع پر موضوع سے متعلق چائنا میڈیا گروپ کی جانب سے مختصر دستاویزی فلمیں بھی پیش کی گئیں، جن میں چین کے مختلف علاقوں کے قدرتی مناظر اور ماحول دوست پالیسیوں کی بخوبی ترجمانی کی گئی۔

مذاکرے کے دیگر شرکاء نے چین کے ماحولیاتی تحفظ اور عالمی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کیے جانے والے اقدامات ، گرین سلک روڈ ، بی آر ائی ، سی پیک اور سبز ترقی سے متعلق منصوبوں پر سیر حاصل گفتگو کی اور اس ضمن میں چین ۔ پاکستان تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر چائنا میڈیا گروپ اور انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کی جانب سے مقررین کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!