برسلز میں مقبول بٹ شہید کی برسی پر بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ،تعزیتی تقریب کا بھی انعقاد

0

برسلز(نمائندہ خصوصی)مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر یورپین دارالحکومت برسلز میں کشمیریوں اور ان کے ہمدردوں کی جانب سے مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔

اس حوالے سے جے کے ایل ایف کے زیر اہتمام برسلز میں واقع بھارتی سفارتخانے کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے اس موقع پر مقبول بٹ کی تصاویر اور اپنے مطالبات پر مشتمل بینر اٹھا رکھے تھے۔اس دوران مظاہرے میں شریک افراد آزادی کے حق اور بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل نعرے لگاتے رہے۔

دوسری جانب کشمیر کونسل یورپ کے زیر اہتمام ان کے دفتر میں عظیم کشمیری شہداء افضل گورو اور مقبول بٹ کیلئے ایک تعزیتی تقریب منعقد ہوئی جہاں مقررین نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کشمیر کی دھرتی کے عظیم سپوت ہیں، ان شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

دونوں شہداء کے برسی کے ایام کی مناسبت سے چیئرمین کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا کہ ان عظیم کشمیری سپوتوں نے شمع کی مانند تحریک آزادی کشمیر کو روشنی فراہم کی ہے۔علی رضا سید نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ شہید مقبول بٹ اور افضل گورو کے جسد خاکی کو کشمیر میں ان کے ورثاء کے حوالے کیا جائے تاکہ وہ اپنے رسم و رواج کے مطابق شہدا کی آخری رسومات ادا کرسکیں اور درست طریقے سے ان دونوں کی تدفین ہوسکے۔

واضح رہے کہ 9 فروری کو کشمیری حریت پسند محمد افضل گورو کی برسی کا دن ہے جبکہ 11 فروری کو مقبول بٹ کی برسی منائی جاتی ہے۔ دونوں شہدا کو پھانسی دے کر ورثاء کی اجازت کے بغیر ان کی تدفین تہاڑ جیل میں کی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے عالمی برادری خصوصاً یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی رویے کا سختی سے نوٹس لے کر نئی دہلی پر دباؤ ڈالے تاکہ افضل گورو اور مقبول بٹ شہید کی میتوں کو ورثاء کے حوالے کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ کتنا ظلم اور غیرانسانی فعل ہے کہ مقبول بٹ اور افضل گورو کو پھانسی دینے کے بعد ان کے جسد خاکی کو کئی سالوں سے بھارت نے قید کر رکھا ہے۔ دنیا کا کوئی بھی مہذب معاشرہ اس طرح کا ظالمانہ رویہ اختیار نہیں کرسکتا۔

علی رضا سید نے کہا کہ اب ثابت ہوگیا ہے کہ بے گناہ افضل گورو کو ایک جھوٹے الزام پر پھانسی دی گئی اور اسی طرح مقبول بٹ کو تحریک آزادی کشمیر کی پاداش میں سزائے موت دی گئی۔ انھوں نے واضح کیا کہ پھانسیاں دے کر اور ظلم و جبر کے ذریعے بھارت اپنے مذموم مقاصد حاصل نہیں کرسکتا۔ بھارت کو ہرحال میں کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیناہوگا۔ علی رضاسید نے مقبوضہ کشمیر میں جاری پابندیاں ختم کرنے، سیاسی رہنماؤں کی رہائی اور ماورائے عدالت قتل و غارت کی روک تھام کا بھی مطالبہ کیا۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہا کہ بھارت ظلم و بربریت کرکے تحریک آزادی کشمیر کو نہیں دباسکتا۔ کشمیریوں کی تحریک ضرور کامیاب ہوگی اور انہیں ایک دن ضرور آزادی ملے گی۔

تقریب میں سردار محمود مشیر برائے یورپی یونین صدر آزاد کشمیر، پاکستان پیپلز پارٹی بیلجیئم کے سینئر رہنما ملک اجمل، شیراز بٹ صدر یوتھ آرگنائزیشن بیلجیم، سردار ظہیر زاہد جنرل سیکرٹری جے کے ایل ایف یورپ زون، خالد محمود چوہدری، چیئرمین ورلڈ کشمیر ڈائس پورہ الائنس اور مہر ندیم، شیخ امجد، سردار آفتاب، سینئر تجزیہ کار راؤ مستجاب احمد خاں اور راجہ عبدالقیوم نے خصوصی شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!