صدرپی پی پی جنوبی پنجاب مخدوم احمد محمود کی صدر پیپلز پارٹی برطانیہ محسن باری کی رہائش گاہ آمد،بھائی کے انتقال پر تعزیت
لندن(تارکین وطن نیوز)سینئر سیاستدان اور پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود کی پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری کی رہائش گاہ پر تشریف لائےجہاں انہوں نے محسن باری سے ان کے بڑے بھائی چوہدری محمد حسین باری کی وفات پر ان سے تعزیت کی۔
اس موقع پر کوٹ ادو سے سیاسی شخصیت ملک خالد کھر، ملک لقمان کھر اور ملک محبوب سمیت دیگر سیاسی شخصیات بھی محسن باری کی رہائش گاہ پر موجود تھیں۔
غیر رسمی گفتگو کے دوران مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میدان میں جبکہ پاکستان تحریک انصاف عوام میں کہیں بھی نظر نہیں آ رہی۔ لہٰذا پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات میں پوری عوامی طاقت اور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی بات کی اور یہی عوامی جماعت جنوبی پنجاب کے حقوق کے تحفظ کے لیے صوبہ بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عظیم لیڈرشپ کی عظیم عوامی جماعت ہے۔ انہوں نے برطانیہ میں پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری کی پارٹی کے لیے خدمات اور برطانیہ میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی پیپلز پارٹی کے ساتھ گہری وابستگی اور سیاسی بصیرت کو خوب سراہا۔
اس موقع پر محسن باری کاکہناتھا اوورسیز پاکستانیوں کے لیے انٹرنیٹ ووٹنگ اور صاف شفاف انتخابات کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی جماعتوں کے امیدوار ان انہی ممالک سے منتخب کیے جائیں۔