پی ٹی آئی جرمنی کی جانب سے مخدوم سید طارق محمود الحسن کے اعزاز میں افطار پارٹی و عشائیہ کا اہتمام
ہم نے اوورسیز پاکستانیوں کو ہمیشہ اہمیت دی ہے،مخدوم سید طارق محمود الحسن
امپورٹڈ حکومت کو اوورسیز پاکستانی ہرگز قبول نہیں کرتے،قاضی حبیب الرحمن
فرینکفرٹ(مطیع اللہ)پاکستان تحریک انصاف جرمنی نے کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی و اوورسیز فاونڈیشن کے چیئرمین مخدوم سید طارق محمود الحسن کے اعزاز میں افطار پارٹی و عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔
تقریب کے مہمان خصوصی اوورسیز پاکستان فا ئو نڈیشن مخدوم سید طارق محمود الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے اوورسیز پاکستانیوں کو اہمیت دی ہے ، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم پاکستان میں بدلتی صورتحال پر ہمیشہ مسائل پیدا ہوئے ہیں،ہماری کوشش ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ان ممالک میں ہی نمائندے میسر ہوں تاکہ مسائل بہتراندازمیں جلد حل کئے جاسکیں۔
پاکستان تحریک انصاف جرمنی کے صدر قاضی حبیب الرحمن نے مہمان خصوصی کا شاندار استقبال کرتے ہوئے گرم جوشی کے ساتھ خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک مرتبہ پھر آزمائش میں ہے ،ملک کو ڈاکوؤں لٹیروں کے ہاتھ میں سونپنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، ملک پر ایک مرتبہ پھر غیر جمہوری عمل کے ذریعے امپورٹڈ حکومت کو لایا جارہا ہے جس کو عوام اور اوورسیز پاکستانی ہرگز قبول نہیں کرتے ،ہم عمران خان کے ساتھ تھے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔
تقریب میں فرینکفرٹ، ڈاریمسڈاڈسمیت دیگر قریبی علاقوں سے پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر پی ٹی آئی عہدیداران جویریہ ،مزمل شریف سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان نے اوورسیز سمیت پاکستان کے نوجوانوں کو شعور دیا ہے دنیا بھر میں پاکستان کو وقار دلوایا ہے۔
عمران خان کے ساتھ تجدید عہدوفا کرتے ہوئے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پاکستان میں ہونے والے نئے امپورٹڈ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، عمران خان کی حکومت کی برطرفی کے خلاف نعرے لگائے اور سپریم کورٹ کے اس اقدام کو غیرآئینی اور غیر ملکی سازش کا شاخسانا قرار دیتے ہوئے سارے اقدامات کی مذمت کی۔