عمران خان ذوالفقار بھٹو جیسا دلیر لیڈر ، اسی لئےعالمی طاقتیں اقتدار سے الگ دیکھنا چاہتی ہیں، سید علی جعفر زیدی

0

سید علی جعفر زیدی ذوالفقار علی بھٹو کے دیرینہ ساتھی تھے اور ان کی کابینہ میں شامل رہے

سید علی جعفر زیدی سے پی ٹی آئی ابوظہبی کے صدر محمد ثقلین مہروکی ملاقات

دبئی (طاہر منیر طاہر) سید علی جعفر زیدی نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو حقیقی آزادی کی جانب لے کر جاناچاہتے ہیں تاکہ ہماری خارجہ پالیسی ہم خود اپنے ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بنا سکیں۔ عمران خان عوام دوست جمہوری نظام کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں کہ جس میں عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون سازی ہو اور عوامی نمائندے ایسی قانون سازی کریں جس سے عوام کے معاشی حالت بہتر ہو روزگار کے مواقع موجود ہوں اور تمام بنیادی سہولیات میسر ہوں۔

سید علی جعفر زیدی نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے خلاف پورے پاکستان عوام کا بغیر کسی لیڈر کے سڑکوں پر نکل آنا یہ ثابت کرتا ہے کہ ہم قوم بننے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ عمران خان جو قوم کو خوداری کا درس دینا چاہ رہے ہیں پاکستانی قوم اس وقت تیار نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری سے قوم پریشان ضرور تھی مگر بیرونی مداخلت اور قومی حمیت کی خاطر مہنگائی کو بھول کر عوام باہر نکلے جس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ عمران خان کا عوامی رابطہ مہم کا فیصلہ درست اور بروقت ہے۔ عوام بیرونی مدد کے تحت آنے والی حکومت کو قبول کرنے کے لیے تیار نظر نہیں آرہے۔

یاد رہے سید علی جعفر زیدی پیپلز پارٹی کے بانی راہنما ئوں میں شامل تھے ہفت روزہ نصرت کے مدیر رہے 1968 سے لے کر 1973 تک۔ قائد اعظم یونیورسٹی میں 10 سال تک خدمات سرانجام دیتے رہے اور یونیورسٹی میں عام طالبعلموں کا داخلہ انہی کی بدولت شروع ہوا جبکہ اس سے پہلے صرف اشرافیہ کے بچے ہی اس یونیورسٹی میں پڑھ سکتے تھے۔ ضیا الحق کے جبر کا سامنا بھی کیا اور جلاوطن کر دیے گئے ۔ پاکستان میں حکومتیں کیسے بدلتی رہیں کون کیا کردار ادا کرتا رہا اس کے وہ چونکہ عینی شاہد رہے اس لیے تاریخی کتاب بھی لکھی جسکا عنوان ہے باہر جنگل اندر آگ ہے، وہ آجکل لندن میں مقیم ہیں۔ کچھ دنوں کے لیے متحدہ عرب امارات کے دورہ پر آئے تو صدر پی ٹی آئی ابوظہبی محمد ثقلین مہرو نےان سے ملاقات کی جس میں پاکستان بننے سے لے کر آج تک کے سیاسی واقعات پر سیر حاصل گفتگو ہوتی رہی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!