جشن میں سنگیت،رقص،بیلی ڈانس اور مختلف شعبوں کی خواتین کو ایوارڈز دیئے گئے
سوشل لیڈیز فورم کی صدر ہاجرہ شیریں درانی کو خواتین کی فلاح و بہبود کے کام کرنے پر ایوارڈ سے نوازاگیا
نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے اپنا پلیٹ فارم مہیا کریں گے،سلمیٰ سیم
دبئی(طاہر منیر طاہر)گزشتہ دنوں دبئی میں جشن عید ڈینیوب میوزک مستی دھوم سیزن 4 کا انعقاد کیا گیا جس کا انعقاد یہاں کی پاکستانی ایونٹ آرگنائزر سلمیٰ سیم نے کیا تھا،عید ڈینیوب میوزک مستی دھوم سیزن 4 میں لوگوں کی دلچسپی کے لئے گیت، سنگیت، رقص اور بیلی ڈانس کا اہتمام کیا گیا تھا۔
تقریب میں پاکستانی، انڈین، نائجیرین اور مقامی لوگوں کے علاوہ دیگر شائقین نے بھی حصّہ لیا، اس موقع پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اور مختلف شعبوں میں نمایاں کام سر انجام دینے والی مضبوط خواتین کو خصوصی ایوارڈز اور انعامات دیے گئے۔
خواتین کی فلاح و بہبود کے کام کرنے پر سوشل لیڈیز فورم کی صدر ہاجرہ شیریں درانی کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا، اس موقع پر ایونٹ کی آرگنائزر سلمیٰ سیم نے کہا کہ ہم پاکستانیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے بس اسے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، ایسے نئے لوگوں کو اگے لانے کے لئے ہم اپنا پلیٹ فارم مہیا کریں گے تا کہ انہیں اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع مل سکے اور وہ آگے بڑھ سکیں۔
جشن عید ڈینیوب میوزک مستی دھوم میں یوسف نعیم، شہنشاہ زیدی ، مدثر چوہدری ، جواد عباسی ،ظفیر مہدی ، بلال اورآصف چوہدری نے خاص طور پر شرکت کی، تقریب کے مہمان خصوصی مقامی شیوخ یعقوب العلی اورحذیفہ ابراھیم تھے۔
تقریب کی ہوسٹنگ کے فرائض فاطمہ ریشما نے انجام دیے، نائجیریا کی پرنس یونیورس 2021 پامالا، کنول سیٹھی، عبیحہ مامون ، ریتھم اروڑا، سنگرکلیانی ونود، تنوشری جین، شیلا ترویدی کوپرفارمنس کے انعامات دیے گئے۔