پاکستان ہائی کمیشن لندن میں’’پاکستان مینگو فیسٹیول‘‘کا انعقاد

0

برطانیہ کے تجارتی ایلچی مسٹر مارک ایسٹ ووڈ ایم پی کی بطور مہمان خصوصی شرکت

مسٹر مارک ایسٹ ووڈ ایم پی اورپاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان نے مل کر فیسٹیول کا افتتاح کیا

لندن(تارکین وطن نیوز)پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پاکستان کی 75ویں یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے’’پاکستان مینگو فیسٹیول‘‘کا انعقاد کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ہونے والے ’’پاکستان مینگو فیسٹیول‘‘میں پاکستان کے لیے برطانیہ کے تجارتی ایلچی مسٹر مارک ایسٹ ووڈ ایم پی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان کے ساتھ مل کر فیسٹیول کا افتتاح کیا۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے آم کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ان میں برطانوی پارلیمنٹیرینز، سفارت کار، برطانوی حکومت کے افسران، کاروباری شخصیات ، میڈیا کے نمائندے، پاکستانی کمیونٹی کے اراکین اور پاکستان کے برطانوی دوست شامل تھے۔

تقریب میں پاکستانی آموں کی نمایاں اقسام یعنی سنیرا، فجری، انور رتول، دیسی، چونسہ، سفید چونسہ، کالا چونسہ، لال بڈھسہ، سندھڑی اور پیلیٹ کی نمائش کی گئی،آم، سلاد، دودھ شیک، لسی اور آئس کریم کے ساتھ پیش کیا گیا،مہمانوں نے نمائش میں پاکستانی آموں کے ذائقے اور وسیع اقسام کو سراہا۔

ہائی کمشنر نے اپنے ریمارکس کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستانی آم ذائقے اور خوشبو سے بھرپور ہونے کی وجہ سے منفرد ہیں ،انہوں نے کہا کہ 250 سے زائد اقسام کے ساتھ پاکستان آم کا چھٹا سب سے بڑا پیدا کنندہ اور چوتھا بڑا برآمد کنندہ ہے۔

مسٹر مارک ایسٹ ووڈ نے پاکستانی آموں اور اس کے مختلف پکوانوں کے شاندار ذائقے پر اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے برطانیہ کے تجارتی ایلچی کی حیثیت سے وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں جس میں پاکستانی آموں کی برطانیہ کو برآمد بھی شامل ہے۔

یہ تقریب ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، اسپائس ویلج، یو کے،پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور روشن فروٹس پاکستان کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران پاکستان کی برطانیہ کو آم کی برآمد میں 50 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!