سویڈن میں پہلی بار پاکستانی فلم بڑے سینما گھروں کی زینت!

0

پی پی این ای کی جانب سے پاکستانی فلم’لندن نہیں جاؤں گا‘کی ٹکٹیں مفت تقسیم کی گئیں

فلم کی نمائش میں مالمو شہر کی سرکردہ شخصیات کے علاوہ عرب کمیونٹی کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی

مالمو (نمائندہ خصوصی) پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ (پی پی این ای) کی جانب سے پاکستانی فلم انڈسٹری کو سویڈن میں پروموٹ کرنے کے لئے فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کی ٹکٹیں مفت تقسیم کی گئیں، پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ دیگر ایشیائی ،عرب اور سویڈش کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔

ادارے کے سربراہ زبیرحسین کا کہنا ہے کہ سویڈن کا شہر مالمو ملٹی کلچرل سٹی کے نام سے جانا جاتا ہے اس لئے ہم نے ہمارے ممبران کے علاوہ چند مقامی حلقوں میں مفت ٹکٹوں کی تقسیم کی تاکہ پاکستانی فلموں کو پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ دنیا کی دیگر قومیتوں میں بھی پذیرائی مل سکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سویڈن کی تاریخ میں پہلی بار ہورہا ہے کہ کوئی پاکستانی فلم سویڈن کے بڑے سنیما گھروں کی زینت بن رہی ہےاور اس کاوش میں پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

شرکاء نے اس حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وباءکے مشکل دور کے بعد یہ پاکستانی کمیونٹی کا ایک سب سے بڑا ایونٹ ہے، سویڈن میں ایسی تفریحی سرگرمیوں کا آغاز ہونے سے ناصرف کمیونٹی کو ایک ساتھ مل بیٹھنے کا موقع میسر آیا ہے بلکہ دیارِغیر میں ہماری آنی والی نسلوں تک قومی ثقافتی ورثے کو پروموٹ کرنے کا بھی یہ ایک موزوں ذریعہ ہے۔

فلم سے قبل پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کا پرومو بھی نشر کیا گیا جس میں ادارے کی جانب سے سویڈن میں پاکستان کا مثبت چہرہ متعارف کروانے کی کاوشیں دکھائی گئیں۔میڈیا بریفنگ کے دوران کمیونٹی رہنماؤں نے اپنے خیالا ت کا اظہار کچھ یوں کیا ۔ پی پی این ای کے وائس چیئرمین محمد سرور کاکہنا تھا کہ کمیونٹی کےلئے فلم کا اہتمام کرنا دراصل عیدالاضحی اور جشنِ آزادی کے سلسلے میں ایسی تقریب منعقد کرنے کے مترادف ہے جہاں عوام کو تفریح کے ساتھ ساتھ پاکستانی ثقافتی رنگ میں خوشیاں منانے کا موقع میسر آسکے۔

پاکستان کلچرل سوسائٹی سویڈن کے صدر عامر خلیل جنجوعہ نے کہا کہ عوام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جیسے نیٹ فلکس، ایمازون اور ایپل پلس پر فلم بینی کی عادی ہوچکے تھے مگر آج یہ ثابت ہوا کہ کوئی بھی پلیٹ فارم سنیما گھروں کا نعم البدل نہیں بن سکتا کیونکہ لوگ اپنے قیمتی وقت سے چند گھڑیاں نکال کر ایک ایسی جگہ کا انتخاب کرتے ہیں جہاں وہ معاشرتی گہماگہمی سے دور رہ کر تفریحی ماحول سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

پاک اسکانے بزنس فارم کے صدر راجہ عاطف شہزاد اور نائب صدر خرم خان نے اپنے خیالات کا اظہار یوں کیا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو اگر سویڈن میں پذیرائی ملناشروع ہوئی تو پاکستانی بزنس کمیونٹی کےلئے بھی یہ ایک اچھی پیش رفت ثابت ہوگی وہ اس طرح کے سنیما گھروں کے ساتھ نفع نقصان کی بنیاد پر شراکت داری کرکے ایک نئے کاروبار کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔

فلم کی نمائش میں مالمو شہر کی سرکردہ شخصیات کے علاوہ عرب کمیونٹی کے رہنماؤں ولید ٹورمان اور سمیع لاحم نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ پی پی این ای کے سربراہ زبیر حسین سویڈن میں رواں برس ہونے والے عام انتخابات میں پارلیمانی، صوبائی اور شہری نشتوں کے امیدوار ہیں پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کی جانب سے فلم سے قبل پیش کئے جانےوالے پرومو میں کمیونٹی سے درخواست کی گئی کہ زبیر حسین اور ان کی سیاسی جماعت کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں تاکہ کمیونٹی مسائل اور اسلاموفوبیا کے واقعات کی روک تھام کے لئے سویڈن کے ایوانوں میں آواز اٹھائی جاسکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!