وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ڈپلومیٹ بزنس کلب دبئی کے صدر اور سابق پاکستانی سفیر جاوید ملک کی ملاقات
جاوید ملک نے وزیراعظم شہباز شریف کو یواے ای اور پاکستان کے مابین تجارت کے فروغ کے حوالے سے تجاویز دیں
انہوں نے پاکستانی اور متحدہ عرب امارات کی بزنس کمیونٹی کے مابین مضبوط روابط پر زور دیا
ابو ظہبی(طاہر منیر طاہر)ڈپلومیٹ بزنس کلب دبئی کے صدر اور سابق پاکستانی سفیر جاوید ملک نے ابو ظہبی میں وزیر ا عظم پاکستان سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پاکستان میں تجارت اور سرمایا کاری میں اضافہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
جاوید ملک نے وزیر ا عظم شہباز شریف کو متحدہ عرب امارات کے کامیاب دورے پر مبارکباد دی اور صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیر عظم عزت مآب شیخ محمد بن رشید المکتوم سے ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہو ئے اس دورے کو دونوں ممالک کے مضبوط دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ۔
سابق سفیر پاکستان جاوید ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین اقتصادی اور تجارتی روابط کے فروغ کے کئی موا قع موجود ہیں جس کے لئے ضروری ہے کہ دونو ں ممالک کے تاجروں اور سرمایا کاروں کے درمیان باہمی روابط کو مزید استوار کیا جائے، اس حوالے سے چیمبر آف کامرس اور وزارت تجارت کے تعاون سے ایک مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کےماضی میں بھی جاوید ملک کے زیر اہتمام منعقد کی جانے والی کامیاب پاکستان یو اے ای بزنس کانفرنس میں شہباز شریف نے بحیثیت وزیر ا علیٰ شرکت کی تھی،جس میں چھے سو سے زیادہ کاروباری شخصیات نے شرکت کی تھی۔
جاوید ملک کا کہنا تھا کہ اسی طرز پے مزید اقدامات کی ضرورت ہے اور یو اے ای کی پاکستانی بزنس کمیونٹی اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کریگی، جاوید ملک نے یو اے ای میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔
بعد ازاں جاوید ملک کی وزیر تجارت سید نوید قمر سے بھی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان یو اے ای تجارتی کانفرنس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاقڈار اور سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی اور پاکستانی بزنس کمیونٹی کے ممتاز افراد بھی شریک تھے۔