سعودی عرب میں بزمِ بزرگان ریاض کی جانب سے نشست کا اہتمام، ممتاز آرکیٹیکٹ نسیم احمد کی بطور مہمان خصوصی شرکت

0

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں بزمِ بزرگان ریاض کی جانب سے اہم نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان سے آئے ہوئے ممتاز آرکیٹیکٹ نسیم احمد مہمان خصوصی تھے جبکہ مکتبہ دارالسلام کے مدیر علامہ عبدالمالک مجاہد کی میزبانی میں منعقدہ نشست میں بزرگان ریاض کے چیئرمین بابائے ریاض قاضی اسحاق میمن، صدر ڈاکٹر محمود احمد باجوہ اور دیگر اہم شخصیات شریک تھیں جن میں نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقعہ پر مولانا عبدالمالک مجاہد نے ایمان افروز اور سبق آموز واقعات کے ذریعے لوگوں میں بھلائی اور احسان کرنے کے حوالے سے درس دیا اور کہا کہ اسلام بھلائی اور امن کا دین ہے یہ ہمیں اچھے اخلاق کے ساتھ لوگوں میں رہتے ہوئے بھلائی اور نیکی کرنے کا حکم دیتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ مسلم معاشروں میں اس کی مختلف شکلیں پائی جاتی ہیں آج کے دور میں بہت ضروری ہے کہ اللہ اور اسکے رسولؐ کے حکم کے مطابق معاشرے میں نیکی اور احسان کو فروغ دیا جائے۔

چیئرمین بزرگانِ ریاض قاضی اسحاق میمن کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 سے قبل بزرگان ریاض کی محافل تواتر سے جاری تھیں مگر وبا کے باعث ان کو روکنا پڑا تاہم اس کا دوبارہ سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے ذریعے مختلف موضوعات پر گفتگو کے سلسلے کو جاری رکھا جاسکے۔

صدر ڈاکٹر محمود باجوہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں گزشتہ پانچ چھ دہائیوں سے پاکستانی مقیم ہیں جنھوں نے سعودی عرب کی ترقی میں ساتھ نبھایا ہے اور ترقی اور خوشحالی کے عمل کو قریب سے دیکھا ہے اس لئے بزرگان ریاض اپنے ہم عمر ساتھیوں اور نوجوانوں کے ہمراہ ترقی پسند سوچ کو فروغ دینے سمیت اہم امور پر گفتگو کرکے عملی زندگی میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

مہمان خصوصی آرکیٹیکٹ نسیم احمد نے بزرگان ریاض کے تمام عہدیداروں اور اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں بزرگان کے علم اور تجربات سے استفاده کرنے کے لئے دارالحکومت ریاض میں اس طرح کی نشستوں سے بھرپور بہرہ مند ہوا جاسکتا ہے اور جس طرح اس میں نوجوان بھی دلچسپی لیتے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!