معروف عالم دین عبدالحبیب عطاری کی میاں عاصم کی رہائش گاہ آمد، خصوصی خطاب اور دعائیہ کلمات

0

دی ہیگ ہالینڈ (وسیم بٹ) گزشتہ روز جمعۃ المبارک آٹھ دسمبر 2023کو دعوت اسلامی مرکز پاکستان کے مرکز ی عہدیدار معروف عالم دین مولانا الحبیب عطاری ہالینڈ کے دورے کے دوران ہر دلعزیز شخصیت اور تجارتی حلقوں میں خاص مقام رکھنے والے میاں عاصم محمود کی خصوصی دعوت پر ان کی رہائش گاہ تشریف لائے، اس موقعہ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

مذکورہ تقریب کا آغاز چوہدری اکرام الحق نے تلاوت ِ قرآن پاک سے کیا جبکہ بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں محبتوں اور عقیدتوں کے پھول نعتوں کی صورت میں مجتبےٰ خادم بٹ اور محمد جاوید عظیمی نے پیش کئے۔الحاج مولانا عبدالحبیب عطاری نے اپنے خصوصی خطاب میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اللہ تعالیٰ سے تجارت کرنے کے منطقی فارمولے بتائے، ان فارمولوں کے ادراک کے لئے چند دنیاوی مثالیں پیش کیں۔

ایک موقعہ پر آپ نے کہا اللہ تعالیٰ کی راہ میں مال خرچ کرنے سے کمی نہیں آتی وہ ذات باری تعالیٰ اس مال کو بڑھا کر لوٹا تی ہے اور یاد رکھیں اللہ تعالیٰ کی راہ میں ہمیشہ بہترین شے پیش کریں۔ متذکرہ خطاب کے دوران مولانا عبدالحبیب عطاری نے اپنے موجودہ ہالینڈ دورے پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایاکہ دعوت اسلامی کے مرکز فیضان ِ مدینہ روٹرڈیم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے حاضر ہوا ہوں آپ تمام حضرات سے بھی شرکت کی التماس کرتا ہوں۔

دعوت ِاسلامی ہالینڈکا بینہ کے نگران محمد سرفراز عطاری نے فیضان مدینہ روٹرڈیم کی افتتاحی تقریب اوراس مرکز میں متوقع سرگرمیوں کی تفصیلات بیان کیں۔معروف مذہبی اور روحانی شخصیت محمد جاوید عظیمی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم دعوت اسلامی ہالینڈ کی خبریں مذکورہ اخبار میں رپورٹ کرتے رہتے ہیں خبروں سے اندازہ لگایا جا سکتاہے کی دعوت اسلامی ہالینڈ کے پلیٹ فارم سے بلخصوص مختلف اسلامی ممالک کے نوجوانوں کے لئے سر گرمیاں منعقد کی جاتی ہیں ۔

ان سرگرمیوں میں نوجوانوں کو اللہ تعالیٰ کے احکامات اور نبی رحمت ﷺ کی تعلیمات و لندیزی (ڈچ) زبان میں بیان کی جاتی ہیں تاکہ نوجوان ان کا ادراک کرکے ان کے فروغ میں اپنا بھی حصہ ڈال سکیں، یہ عمل بلاشبہ قابل ستائش ہے ان کامیاب کاوشوں پر آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

درودوسلام کے بعد اجتماعی دعامیں میزبان میاں عاصم محمود کے والد مرحوم اور سسر مرحوم کی روحوں کو ایصال ثواب نذرکیا گیا جبکہ فلسطین کے مسلمانوں کے لئے بارگاہ الٰہی میں خصوصی مناجات پیش کی گئیں۔

اس تقریب کے میزبان اول میاں عاصم محمود نے تقریب میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی معزز شخصیات اور بلخصوص مہمان ِ خاص الحاج عبدالحبیب عطاری کی خصوصی شرکت کے لئے صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سب کے حق میں دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔

بعدازاں تمام مہمانوں کو کھانا تناول کرنے کے لئے کھانے کی میز پر مدعو کیا۔ تقریب کے اختتام پر مولانا عبدالحبیب عطاری نے میزبان میاں عاصم محمود کا مدعو کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں کتاب کا تحفہ بھی پیش کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!