جرمنی میں پاکستانی سفیر سیدہ ثقلین کا برلن میں جاری تازہ سبزیوں اور پھلوں کی نمائش کا دورہ،پاکستانی تاجروں سے ملاقات
برسلز(نمائندہ خصوصی) جرمنی میں پاکستانی سفیر سیدہ ثقلین نے برلن میں جاری تازہ سبزیوں اور پھلوں کی نمائش کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے اس نمائش میں موجود واحد پاکستانی سٹینڈ کا دورہ بھی کیا۔یہ سٹینڈ سرگودھا چیمبر کے سابق صدر چوہدری شعیب احمد بسرا نے اپنی پارٹنر کمپنیوں کے ساتھ ملکر لگایا تھا۔
نمائش کے دورے کے دوران سفیر پاکستان ثقلین سیدہ نے شعیب بسرا سے گاہکوں کی پاکستانی مصنوعات میں دلچسپی کے بارے میں معلومات لیں۔ جس پر پاکستانی تاجر نے اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ یہاں طویل عرصے سے آرہے ہیں اور یورپ کے علاوہ دنیا کے مختلف خطوں میں پاکستانی مصنوعات کو پسند کیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں اس نمائش میں کوئٹہ چیمبر سے آئے ہوئے ملک عبد المجید کاکڑ ، عبد الحمید خان کاکڑ ، خلیل احمد خان خلجی، محمد ثاقب اور نیک محمد خلجی پر مشتمل وفد نے بھی سفیر پاکستان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وفد کے ارکان نے شکایت کی کہ بلوچستان کی ڈیڑھ کروڑ آبادی ہے ۔ لیکن اس کے لوگوں کو ویزے کے حصول کے بعد صرف فنگر پرنٹ کیلئے کراچی یا اسلام آباد جانا پڑتا ہے۔
جس پر سفیر پاکستان نے ان سے وعدہ کیا کہ وہ اس حوالے سے حکومت پاکستان کے ذریعے بات کریں گی۔