جدہ:سردار وقاص عنائت کی جانب سے چوہدری محمد یا سین اور افضل بٹ کے اعزاز میں افطارعشایہ کا اہتمام

0

جدہ (خالد نواز چیمہ) چیئرمین جموں و کشمیر اوورسیز کمیونٹی سعودی عرب سردار وقاص عنائت کی جانب سے آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یا سین اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر افضل بٹ کے اعزاز میں ایک شاندار افطار عشایہ کا اہتمام کیا ۔

عشائیہ میں کشمیر کمیونٹی اور جدہ کے سرکر دہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے سابق صدر آزاد کشمیر کے مشیر سردار عنائت اللہ عارف،علامہ سعید الرشید عباسی، پی پی پی کے تصور چوہدری، قومی یکجہتی فورم کے ریاض بخاری اور وقاص عنائت نے خطاب کیا۔

صدر پی پی پی آزاد کشمیر چوہدری یاسین نے کہا کہ آج بہت مبارک دن ہے، آج کے دن مسلمانان ہند نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں کیلئے علیحدہ ریاست کی قراداد پیش کی اور قائد کی جدوجہد کے نتیجے میں کرہ ارض پر پاکستان وجود میں آیا ، گو کہ ہندوستان میں مسلمانوں کی تعدا د پاکستان کی آبادی سے زائد ہے مگر ایک علیحدہ وطن کی بات ہی کچھ اور جہاں مکمل آزادی ہے بمقابلہ ہندوستان کے مسلمانوں کے جہاں انہیں مذہبی آزادی نہیں، انکی مساجد مسمار کی جارہی ہیں انہیں ہر جگہ یہ احساس ہوتا ہے کہ وہ آزاد نہیں ہیں، آج کشمیری مسلمان بھی اسی صورتحال سے دوچار ہیں جہاں بھارت اپنے مذموم مقاصد کیلئے ان پر ظلم کرتے ہوئے عالمی اداروں کی قرادادوں کو نظرانداز کررہا ہے۔

افطار عشایہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں صحافیوں کی تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سربراہ افضل بٹ نے کہا کہ ملک سے باہر برسرررزگار پاکستانی پاکستان میں رہنے والے پاکستانیوں سے زیادہ محب وطن پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہ کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو حکومت پاکستان کی توجہ کی سخت ضرورت ہے ،یہ ذرمبادلہ کما کر دینے والے ہیں ،انکے مسائل حل کرنا حکومت کا فرض ہے۔

افضل بٹ نے کہا کہ بیرون ملک ہماری پہچان علاقائی نہیں بلکہ صرف پاکستانی کی ہے، اسلئے آپکا ہر قدم صرف اور صرف پاکستان کی نیک نامی کا باعث ہے، پاکستان کو اس وقت بیرون ملک نیک نامی کی اشد ضرورت ہے اسوقت دشمن ہمیں بیرون ملک بدنام کرنے اور اسے ناکام ریاست ثابت کرنا چاہتا ہے ،مگر انشااللہ بیرون ملک پاکستانی اور پاکستان کی مثبت قیادت اسکے ہتھکنڈوں کو ناکام بنائینگے۔

تقریب کے آخر میں آزاد کشمیر پی پی پی کے صدر چوہدری یاسین، پی ایف یوجے کے صدر افضل بٹ نے صحافیوں اور دیگر کے ساتھ ملکر دل دل پاکستان جان جان پاکستان کا ترانہ گاتے ہوئے یوم پاکستان کا کیک کاٹا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!