چین کا امن و ترقی کیلئے جوہری توانائی کے استعمال کا عزم

0

چین تجارتی طور پر چلنے والے جوہری بجلی یونٹس کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے، رپورٹ

بیجنگ (ویب ڈیسک) بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی 68 ویں جنرل کانفرنس ویانا میں جاری ہے۔ کانفرنس کے دوران چین نے "گلوبل ساؤتھ” اور دنیا کے دیگر ممالک کے لیے 12 جدید جوہری تحقیقی تنصیبات اور تجرباتی پلیٹ فارمز کھولنے کا اعلان کیا، جو چین کے لیے مشترکہ طور پر تکنیکی جدت طرازی کو فروغ دینے اور مشترکہ ترقیاتی تعاون کے لیے ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے۔ اس فیصلے سے دنیا کو ایک اہم پیغام دیاگیا ہے کہ چین گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو پر فعال طور پر عمل درآمد کرتا ہے اور دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ جوہری توانائی اور جوہری ٹیکنالوجی کی ترقی میں اپنے تجربے کا اشتراک کرنے اور مشترکہ طور پر جوہری توانائی ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال اور ترقی کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

اس سال چین کی آئی اے ای اے میں شمولیت کی 40 ویں سالگرہ ہے۔ چین ہمیشہ عوام کے مفاد میں جوہری توانائی کے پرامن استعمال اور جوہری ٹیکنالوجی کی ترقی کے لئے پرعزم رہا ہے۔ اپنی محفوظ، موثر، صاف اور ماحول دوست خصوصیات کے ساتھ، جوہری توانائی سے بجلی کی پیداوار ، توانائی کی سلامتی کو یقینی بنانے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، اور توانائی کی سبز اور کم کاربن تبدیلی کو تیز کرنے کے لئے ملک کی کوششوں کا ایک اہم حصہ بن گئی ہے، چین کی جوہری توانائی کی صنعت کا آغاز 20 ویں صدی کی 80 کی دہائی میں ہوا اور گزشتہ 40 سالوں میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں. اگست 2024 تک ، چین تجارتی طور پر چلنے والے جوہری بجلی یونٹس کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔

زیر تعمیر اور منظور شدہ نیوکلیئر پاور یونٹس کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ یاد رہے کہ سنہ 1991 میں چین کے پہلے سویلین ری ایکٹر کو بجلی کی پیداوار کے لیے گرڈ سے منسلک کیا گیا تھا۔ لیکن اب امریکی تھنک ٹینک انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن فاؤنڈیشن کے اعداد و شمار کے مطابق چین چوتھی نسل کی جوہری ٹیکنالوجی کے حوالے سے امریکہ سے 10 سے 15 سال آگے ہے۔ دنیا بھر میں تقریباً 60 نیوکلیئر پاور یونٹس زیر تعمیر ہیں جن میں سے 26 چین میں موجود ہیں۔ چین 2060 ء تک اپنے توانائی ڈھانچے میں جوہری توانائی کا حصہ 5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد تک لے جانے کا ارادہ رکھتا ہے۔چین کے صدر شی جن پھنگ نے ایک منصفانہ، تعاون اور جیت جیت پر مبنی بین الاقوامی جوہری سکیورٹی نظام کی تعمیر کی تجویز پیش کی ہے۔

آئی اے ای اے کے نامزد رکن اور تکنیکی تعاون میں دوسرے سب سے بڑے شراکت دار کی حیثیت سے چین جوہری شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے اور سائنسی اور تکنیکی ترقی کے لئے ایک کھلے، منصفانہ، شفاف اور غیر امتیازی بین الاقوامی ماحول کی تعمیر کی خاطر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اس وقت چین نے آئی اے ای اے کے ساتھ آٹھ تعاون کے مراکز قائم کیے ہیں، فرانس، روس اور یورپی یونین کے ساتھ جوہری سائنس و ٹیکنالوجی تحقیق و ترقی کے لیے تعاون کے اچھے میکانزم قائم کیے ہیں اور پاکستان، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، الجیریا، گھانا، نائجیریا اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مل کر جوہری سائنسی تحقیقی تنصیبات اور مشترکہ لیبارٹریوں کی تعمیر میں تعاون کیا ہے۔

رواں سال اگست میں چین اور ازبکستان نے جوہری توانائی کی تعمیر پر تعاون اور روڈ میپ کی ایک یادداشت پر دستخط کیے جو دنیا کے دیگر ممالک میں چین کی جوہری توانائی ٹیکنالوجی کے استعمال کی شروعات کی علامت ہے ۔ موجودہ آئی اے ای اے کانفرنس میں چین نے گلوبل ساؤتھ اور دنیا بھر کے دیگر ممالک کے لیے 12 جوہری تحقیقی انفراسٹرکچر کھولنے کا اعلان کیا جن میں چائنا ایڈوانسڈ ریسرچ ری ایکٹر، جو دنیا کے بڑے نیوٹرون ذرائع میں سے ایک ہے، چین کی جانب سے آزادانہ طور پر ڈیزائن اور تعمیر کردہ سب سے بڑا "مصنوعی سورج” چائنا سرکولیشن-3 اور جوہری فضلہ ٹھکانے لگانے والی لیبارٹری، جو دنیا کی سب سے بڑی، سب سے فعال اور سب سے وسیع پیمانے پر حصہ لینے والی زیر زمین لیبارٹریوں میں سے ایک ہے، وغیرہ شامل ہیں۔

چین کی متعدد تنصیبات عالمی معیار کی سطح تک پہنچ چکی ہیں ، اور یہاں تک کہ دنیا میں صف اول کی پوزیشن پر ہیں۔ چین کے اعلیٰ سطحی کھلے پن اور گہرے بین الاقوامی تعاون کو بین الاقوامی برادری کی جانب سے وسیع پیمانے پر توجہ اور مثبت ردعمل ملا ہے۔ اس کانفرنس میں چین کی جانب سے پیش کیے گئے "ایٹمز فار گلوبل ساؤتھ” کے تصور کا ترقی پذیر ممالک نے بڑے پیمانے پر خیرمقدم کیا ہے۔ بہت سے ممالک کے سائنسدانوں اور تحقیقی اداروں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مزید دور رس سائنسی تحقیقی منصوبوں پر چین کے ساتھ تعاون کریں گے۔چین کی ترقی کو دنیا سے الگ نہیں کیا جا سکتا اور دنیا میں خوشحالی کو بھی چین کی ضرورت ہے۔

چین جوہری توانائی کو پرامن مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے اور جوہری توانائی سے بجلی پیدا کرنے کو فروغ دیتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی چین نے جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کی صنعت کو بھرپور طریقے سے ترقی دی ہے اور زراعت ، صنعت ، طبی دیکھ بھال ، ماحولیاتی تحفظ اور سلامتی میں جوہری ٹیکنالوجی کے اطلاق کو فروغ دیا ہے۔ چین گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو پر فعال طور پر عمل درآمد کرتا ہے، جوہری توانائی اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں تجربے کا اشتراک کرتا ہے، گلوبل ساؤتھ کے ممالک میں جوہری توانائی کے پرامن استعمال کو فروغ دیتا ہے، اور "امن و ترقی کے لئے جوہری توانائی کے استعمال” کے مقصد کے حصول میں بھر پور حصہ ڈالتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!