ویانا:سفارتخانہ پاکستان اورسفارتخانہ ترکی کے زیراہتمام سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے مقامی کمیونٹیزاورمخیرتنظیموں کومتحرک کرنے کیلئے تقریب

تقریب میں سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر،سفیرترکی مسٹراوزان سیہون کےعلاوہ ترک این جی اوزاورمخیرتنظیموں کے سربراہان اورآسٹریامیں ترک وپاکستانی کمیونٹی کے ارکان کی بھرپورشرکت

ویانا(اکرم باجوہ) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں پاکستان کے سفارت خانہ ویانا نے ترکی کے سفارت خانہ ویانا کے ساتھ مل کر آسٹریا میں مقامی کمیونٹیز اور مخیر تنظیموں کو پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے انسانی امداد کی فراہمی کے لیے آگاہی اور متحرک کرنے کے لیے ایک تقریب کی میزبانی کی۔

ویانا میں پاکستان کے سفیر آفتاب احمد کھوکھر اور ترکی کے سفیر مسٹر اوزان سیہون کے علاوہ اس تقریب میں ترک این جی اوز اور مخیر تنظیموں کے سربراہان اور آسٹریا میں ترک اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

آسٹریا پاکستان سوسائٹی کی صدر بریگیٹا بلاہا اور آسٹرین رفاہی Caritas تنظیم کے منیجر مسٹر اینڈریاس زنگگل جو پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے پروگرام کے منیجر ہیں،نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ہیڈ آف میشن عدیل خان آفریدی نے ادا کرتے ہوئے ترکی اور آسٹرین کمیونٹی اور رفاہی تنظیموں کے سربراہان کی تقریب میں شرکت کرنے پر حکومت پاکستان کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔

پاکستان کے سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے اپنی پریزنٹیشن میں پاکستان میں سیلاب کے زمینی صورتحال اور حکومت پاکستان کی جانب سے کی جانے والی امدادی اور بچاؤ کی کوششوں پرتفصیل سے بریفنگ دی اور انہوں نے عالمی برادری کی مسلسل حمایت کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ پاکستان ریسکیو اور ریلیف سے تعمیر نو اور بحالی کے اگلے مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے سامعین پر زور دیا کہ وہ اس سال سیلاب سے ہونے والی تباہی کی شدت کو اجاگر کرنے اور پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھانے کے لیے اپنی اپنی کمیونٹیز اور آسٹریا کے میڈیا کو شامل کریں۔ انہوں نے آسٹریا میں ترک سفیر اور ترک کمیونٹی کا اپنے پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے پر شکریہ ادا کیا جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔

ویانا میں ترکی کے سفیر مسٹر اوزان سیہون نے اپنے مختصر خطاب میں ویانا میں ترک کمیونٹی کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ ترکی مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ترکی نے شروع سے ہی مکمل تعاون اور ہر ممکن انسانی امداد فراہم کی ہے اور راحت اور بچاؤ کے کاموں میں سب سے آگے رہا ہے۔

سابق سفیر بریگیٹا بلاہا نے آسٹریا پاکستان سوسائٹی کی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا جبکہ مسٹر اینڈریاس زنگل نے شرکا کو Caritas کی جانب سے پاکستان میں فراہم کی جانے والی امداد کے بارے میں آگاہ کیا۔ Caritas، پاکستان میں اپنے مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک اہم امدادی پروگرام شروع کر رہا ہے جس میں ضروری اشیاء کی فراہمی اور شدید متاثرہ علاقوں میں مکانات کی تعمیر نو شامل ہے۔

یہ تقریب پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے آگاہی اور زیادہ سے زیادہ ممکنہ امداد فراہم کرنے کے لیے پاکستانی سفارت خانے کے سب سے بڑے پروگرام کا حصہ تھی۔

Comments (0)
Add Comment