کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے سلسلہ میں اقوام متحدہ ویانا کے سامنے پاکستانی کمیونٹی کا پرامن احتجاج

احتجاج میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ دیگر ممالک کے سماجی کارکنان اور انڈین اقلیتی برادری نے بھی شرکت کی

بھارت اپنی ہندوتوا سوچ کی وجہ سے نہ صرف خطہ بلکہ پوری دنیا کا امن خراب کرنے کے درپے ہے،مقررین

ویانا(اکرم باجوہ)میں ہوں پاکستانی کے زیر اہتمام کشمیری کمیونٹی کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں انڈین وزیر خارجہ جے شنکر کے خطاب کے موقع پر ویانا میں UNO کے سامنے ایک پرامن احتجاج کیا گیا ۔

احتجاج کا مقصد کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے علاوہ پوری دنیا بالخصوص اقوام متحدہ کو یہ یاد دلانا اور زور دینا ہے کہ پچھلے 75 سالوں سے کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو ختم کرنے اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے جلد عملی اقدامات کرے ۔

مزید یہ کہ بھارت میں ہندوتوا نظریہ کے تحت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم وستم کو بند کیا جا ئے۔ احتجاجی مظاہرے کا آغاز قاری شبیر احمد کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ، احتجاج میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ دیگر ممالک کے سماجی کارکنان اور انڈین اقلیتی برادری نے بھی شرکت کی ۔

پاکستانی اورکشمیری کمیونٹی کےمختلف مقررین ہومن رائٹس ایکٹیویٹس پروفیسر ملک شوکت اعوان،پاک فرینڈز آسٹریا کے صدر علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ،مسجد البلال ویانا کے صدرالحاج محمد اکرم بٹ،ڈاکٹر نور الدین،چوہدری امجد چھٹہ ودیگر نے سب سے بڑے جمہوریت کے دعویدار انڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی ہندوتوا سوچ اور جارحانہ پالیسی کی وجہ سے نہ صرف خطہ بلکہ پوری دنیا کا امن خراب کرنے کے درپے ہے۔

بھارت کو کشمیر سمیت تمام مسائل کو پرامن طور پر حل کرنا چا ہئے اور اس سلسلہ میں اقوام متحدہ اور باقی دنیا کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا ۔پرامن مظاہرین نے کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور کشمیر بنے گا پاکستان اور بھارت کی آرمی اور مودی کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

اقوام متحدہ ویانا کے سامنے پرامن مظاہرہ نگاہوں کا مرکز بنا رہا ۔احتجاج کے آخر میں قاری شبیر احمد نے اجتماعی دعا میں امت مسلمہ اور خصوصی طور پر کشمیر کی آزادی کی دعائیں کیں ۔

kashmirpakistani community vienna
Comments (0)
Add Comment