پیرس(نیوز ڈیسک)فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ریلوے سٹیشن پر ایک شخص نے چاقو کے وار کر کے چھ افراد کو زخمی کردیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ بدھ کی صبح گارِ دو نارد ٹرین سٹیشن پر یہ واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے۔ترجمان نے مزید کہا ہے کہ پولیس نے حملہ آور پر کئی فائر کیے۔ وہ شدید زخمی ہیں اور انہیں ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک حملہ کرنے والے شخص کا مقصد واضح نہیں۔پیرس کے پراسیکیوٹر نے ایک بیان میں بتایا کہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
گارِ دو نارد ایک مصروف ٹرین ریلوے سٹیشن ہے جہاں سے شمالی فرانس، لندن اور شمالی یورپ کے لیے بھی ٹرین کی سروس چلتی ہے۔فرانس کے وزیر داخلہ ژیغالد دغمینن نے ٹوئٹر پر لکھا کہ آج صبح گارِ دو نارد ٹریشن سٹیشن پر ایک شخص نے متعدد افراد کو زخمی کیا۔
’اس پر قابو پا لیا گیا۔ پولیس کی موثر اور جرات مندانہ کارروائی کا شکریہ۔‘
اس واقعے کی وجہ سے سٹیشن پر صبح ٹرین کی سروس بھی تاخیر کا شکار ہوئی۔گارِ دو نارد ایک مصروف ترین ٹرین سٹیشن ہے جس سے روزانہ سات لاکھ افراد سفر کرتے ہیں۔فرانس میں 2015 سے اسلامی شدت پسندوں کی جانب سے ہلاکت خیز حملوں کے بعد سکیورٹی سخت ہے۔
دسمبر میں ایک مشتبہ مسلح شخص نے تین کرد شہریوں کو پیرس میں ہلاک کیا تھا۔69 برس کے مشتبہ مسلح شخص نے غیرملکیوں کے لیے اپنی نفرت کا اعتراف کیا تھا۔