مظاہرے کا اہتمام تحریک کشمیر ناروے کی جانب سے کیا گیا
سیاسی و سماجی رہنمائوں کا کشمیریوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی
اوسلو(عقیل قادر) تحریک کشمیر ناروے کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ناروے پارلیمنٹ کے سامنے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں اوسلو کی مقامی سیاسی و سماجی تنظیموں نے حصہ لیا۔
سخت موسم کے باوجود مظاہرے میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کا آغاز علامہ سلیم علوی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔
لیبر پارٹی کے ایم این اے فرودے یکوبسن، ریڈ پارٹی اوسلو کی مرکزی رہنما صوفیہ رانا، ایس وے پارٹی کے Ola Wolff Elvevold، کنزروٹیو پارٹی کے طلعت بٹ، تحریک کشمیر ناروے کے صدر شاہ حسین کاظمی، نائب صدر راجہ مقبول حسین اور سنیئر نائب صدرمحمد افضال نے مظاہرے سے خطاب کیا اور کشمیریوں کو اپنی حمایت کا یقین دلایا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک منظم طریقے سے کشمیریوں کی نسل کشی اور ان کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہندوستان کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ ہندوستان کی ریاستی دہشتگردی کے باوجود کشمیری اپنی آزادی کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر ناروے کی سیاسی جماعتوں سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تقریروں کی بجائے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
تحریک کشمیر ناروے کے جنرل سیکریٹری رفاقت علی نے نقابت کے فرائض احسن انداز میں سرانجام دیئے۔ پروگرام کے آخر پر میاں طیب نے کشمیر کے پرامن حل کے لیے خصوصی دعا کرائی۔