پیرس:پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی جانب سے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے اور یوم تکبیر کی مناسبت سے جلسے کا اہتمام

پیرس(رپورٹ:سلطان محمود) پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے اور 28 مئی یوم تکبیر کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا گیا، جلسے میں سینکڑوں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی۔

فرانس کی تاریخ میں پاکستانی کمیونٹی کا یہ ایک بہت بڑا اور عظیم الشان جلسہ تھا، جلسے کا اہتمام راجہ علی اصغر، سردار ظہور اقبال ،چوھدری محمد نعیم اختر، چوھدری محمد افضل لنگاہ،چوھدری افراسیاب ، حاجی نثار اور محترمہ روحی بانو کی جانب سے کیاگیا۔

اسٹیج سیکرٹری کے فرائض کشمیری رہنما چوہدری نعیم اختر نے ادا کئے، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والیہ وسلم سے ہوا جس کے بعد قومی اور فرانسیسی ترانوں کی دھن بجائی گئیں، جلسہ کے شرکاء نے کھڑے ہو کر انتہائی عقیدت و احترام سے دونوں ممالک کے ترانے سنے،اس موقع پر ہال پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فوج ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان کی فوج ہے تو پاکستان ہے، پاکستان کی فوج کی وجہ سے ہم لوگ چین کی نیند سوتے ہیں، مقررین نے افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جو وطن کی راہ میں قربان ہوگئے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ کوئی ذی شعور انسان فوج کی سیاست میں مداخلت کا حامی نہیں ہو سکتا،ملک میں جمہوریت کو پنپنے کے لئے ہر ادارے کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چا ہئے ، لیکن کسی کو بھی اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ پاک فوج کو گالیاں نکالے،ان کی گاڑیوں پر پتھر پھینکےاور فوجی تنصیبات کو آگ لگا دے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ 9 اور 10مئی 2023 کو وطن عزیز میں جو کچھ ہوا وہ قابل شرم اور قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا کہ سانحہ9مئی کے مجرموں کو ایسی سخت سزا دی جائے کہ آئندہ کسی کو بھی پاک فوج کے خلاف اس طرح کی حرکت کی جرات نہ ہو۔

مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس سانحہ کے مجرموں کو سزا دیتے وقت یہ خاص طور پر خیال رکھا جائے کہ کسی بے گناہ کو اس واقعے کی آڑ میں سزا نہ ملے، چادر اور چار دیواری کے تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے اور منصفانہ اور آزادانہ تحقیقات کرکے مجرموں کو سزا دی جائے اور بے گناہوں کو فوری رہا کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ 28 مئی یوم تکبیر وہ دن ہے جب ہندوستان کے 5 کے مقابلے میں 6 دھماکے کرکے پوری دنیا اور خاص طور پر انڈیا کو یہ پیغام دیا گیا کہ پاکستان کو کسی صورت میں کمزور نہ سمجھا جائے۔

مقررین نے شہید ذوالفقار علی بھٹو ،ڈاکٹر عبد القدیرخان اور نواز شریف کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جن کی بدولت پاکستان ایک ایٹمی طاقت بنا ۔جلسے سے راجہ علی اصغر، سردار ظہور اقبال، چوھدری محمد نعیم اختر، ساجد گورسی، یوسف خان،عدیل خان، مرزا عتیق ، عمر دراز ، قاصی عامر لطیف،صاحبزادہ عتیق الرحمن، مرزا خالد بشیر، میڈیم روحی بانو، حاجی محمد اسلم،حاجی نثار اور دیگر نے خطاب کیا۔

تقریب کے آخر میں پاک افواج کے شہداء اور دیگر مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے دعا مانگی گئی اور یوم تکبیر کی 25 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

شہدائے پاکستان جلسہ فرانس
Comments (0)
Add Comment