کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں سوئی ہوئی خاتون کے تکیے پر شہاب ثاقب کا ٹکڑا آ گرا

برٹش کولمبیا(تارکین وطن نیوز)کینیڈا میں ایک خاتون اس وقت بال بال بچ گئیں جب شہاب ثاقب کا ٹکڑا ان کے گھر کی چھت چیرتا ہوا سیدھا ان کے تکیے پر جا گرا، زوردار آواز کی وجہ سے خاتون ہڑبڑا کر نیند سے جاگ گئیں۔

یہ واقعہ کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں پیش آیا، رتھ ہملٹن نامی خاتون کا کہنا ہے کہ وہ رات میں سورہی تھیں جب انہوں نے ایک زوردار آواز سنی اور بستر میں بھونچال سا محسوس کیا۔انہوں نے فوراً اٹھ کر لائٹ جلائی تو تکیے پر اپنے سر کے برابر میں ایک پتھر کا بڑا سا ٹکڑا پایا۔

خاتون نے فوراً 911 کو کال کی جہاں سے ایک پولیس اہلکار ان کے گھر آیا۔ ابتدا میں پولیس اہلکار کا خیال تھا کہ پتھر قریب واقع تعمیراتی سائٹ سے آیا ہے۔ اس نے سائٹ پر فون کیا تو وہاں سے کہا گیا کہ آسمان پر روشنی کا زوردار جھماکہ اور دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔

جلد ہی واضح ہوگیا کہ یہ شہاب ثاقب کا ٹکڑا تھا جو خاتون کے گھر کی چھت توڑتا ہوا سیدھا ان کے کمرے میں ان کے تکیے پر گرا۔ خاتون خوش قسمتی سے محفوظ رہیں۔خاتون کا کہنا ہے کہ انشورنس کمپنی جلد ہی ان کے گھر کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے کر اس کی مرمت کردے گی۔

Comments (0)
Add Comment