مالمو(زبیر حسین)امامیہ ویلفیئر آرگنائزیشن سویڈن کے زیرِاہتمام مجالس محرم الحرام کا خصوصی اہتمام،اہلسنت و الجماعت کی بھرپور نمائندگی، منتظیمن کا کہنا ہے کہ مالمو شہر کے مسلمانوں نے ہمیشہ اتحادبین المسلمین کی منفرد مثال قائم کی ہے اور یہ سلسہ جاری و ساری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق سویڈن کے شہر مالمو میں شیعہ سنی اتحاد اپنی مثال آپ ہے کیونکہ اس شہر میں مسلمان کا تعلق چاہے کسی بھی مذہبی جماعت سےکیوں نہ ہو حسینیت کے پرچار کے لئے سب ایک جگہ جمع ہو کر اہل بیت سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
امامیہ ویلفیئر آرگنائزیشن سویڈن کی جانب سے اس اتحاد بین المسلمین کی روایت قائم کی گئی جو کئی سالوں سے قائم و دائم ہے۔مالمو شہر میں جہاں اہل تشیعہ نوحہ خواں مجالس کو روحانی کیفیت میں مبتلا کرتے ہیں وہیں اہلسنت والجماعت کے ثنا خواں اور مقررین مجالس کواپنے کلام سے پرنورکرتےہیں جو کہ اس بات کی تصدیق ہے کہ اہل بیت اور حسین ؓ سب کے ہیں ۔
امامیہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے منتظمین کا کہناہے کہ سویڈن میں مسلمان حرم کی پاسبانی کے لئے ایک ہیں اور ہماری کوشش اور دعا ہےکہ یہ سلسلہ فقط یہاں تک ہی محدود نہ رہے بلکہ دنیا بھر میں مسلمان یکجا ہوجائیں تاکہ دین اسلام کی بہتر ترجمانی ہوسکے۔