وفاقی ٹیکس محتسب کے سابق مشیر محمد صدیق بطور مہمان خصوصی وفاقی ٹیکس محتسب نظام کے حوالے سے اظہار خیال کرینگے
سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) بیرون ملک مقیم پاکستانی جب اپنے آبائی وطن پاکستان جاتے ہیں تو انہیں وہاں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اورسیز پاکستانیوں کے مسائل کی ایک طویل فہرست ہے اور ان کا واسطہ مختلف اداروں سے پڑتا ہے جن میں کسٹمز، ٹیکس، ائیرپورٹ اور دیگر کئی امور شامل ہیں۔
سویڈن میں مقیم پاکستانیوں کو بھی یہی مسائل درپیش پیں۔ ان مسائل کے حوالے سے عوامی آگاہی کے لئے ایک سیمینار سٹاک ہوم کے علاقہ شیستا میں 17ستمبر بروز اتوار 4بجے منعقد ہوگا جس میں پاکستان کے وفاقی ٹیکس محتسب کے سابق مشیر محمد صدیق مہمان خصوصی ہوں گے۔ وہ وفاقی ٹیکس محتسب نظام کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے۔
اس موقع پر پاکستان کے وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر محمد آصف جاہ اور وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں کمشنر شکایات ڈاکٹر انعام الحق جاوید کا خصوصی پیغام بھی پیش کیا جائے گا۔ اورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے معلومات اور طریقہ سے بھی آگاہی دی جائے گی۔
اس سیمینار میں سویڈن کے محتسب کے نظام اور اگر سویڈن میں لوگوں کو مسائل اور شکایات ہوں تو ان سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اس نشست میں سویڈن کے محتسب کے نظام، کام پر مسائل، امتیازی سلوک اور روزمرہ کے معاملات میں پیش آنے والے مسائل اور ان کے حل کے لئے سویڈن میں مقیم ماہرین بھی گفتگو کریں گے۔
اس نشست میں خواتین و حضرات کو شرکت کی دعوت عام ہے۔ اس موقع پر شرکاء سوالات بھی کرسکیں گے۔ تقریب کے آخر میں شرکاء کیلئے کھانے پینے کی اشیاء سے تواضع کی جائے گی۔
وفاقی ٹیکس محتسب پاکستان کے سویڈن کے لئے اعزازی مشیر اور اورسیز پاکستانیز ایڈوائزری کونسل کے سویڈن سے رکن ڈاکٹر عارف محمود کسانہ نے عوام الناس سے 17ستمبر اتوار کو 4 بجے اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔