پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں یوم سیاہ کشمیرکے حوالے سے تصویری نمائش کا اہتمام

لندن( تارکین وطن نیوز )پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں یوم سیاہ کشمیرکے حوالے سے تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تصویری نمائش کا اہتمام مشن کے احاطے میں کیاگیا جس میں بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کی تصاویر آویزاں کی گئیں، واضح رہے کہ تصویری نمائش میں انتہائی معتبربین الاقوامی اداروں اور ذرائع ابلاغ کے ذریعہ حاصل کی گئیں بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کی تصاویر آویزاں کی گئیں۔

یوم سیاہ کشمیر کی تصویری نمائش میں کشمیری کمیونٹی اور کشمیر کے برطانوی دوستوں کی بڑی تعداد نے نمائش کا دورہ کیا ،کشمیری مظلوموں کو خراج عقیدت پیش کیا اور محصور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عکاسی کرنے والی تصاویر نے معصوم کشمیریوں کے خلاف بھارتی قابض افواج کے مظالم کو اجاگر کیا۔

کشمیر کے یوم سیاہ کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہائی کمشنر معظم احمد خان نے کہا کہ یہ دن دنیا کو 27 اکتوبر 1947 سے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی یاد دلاتا ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے عزم اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ ہائی کمشنر معظم احمد خان نے کہا کہ اس طرح کے واقعات انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف بھارت کے جرائم کا واضح ثبوت ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نمائش سے لوگوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سنگینی کو سمجھنے میں مدد ملے گی،ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان ہر پلیٹ فارم پر مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔

Comments (0)
Add Comment