سعودی عرب میں بینک الحبیب کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے آگاہی مہم تقریب کا انعقاد

تقریب میں گلوکار ملکو ، طایر عباس، کامیڈین آغا ماجد،سلیم البیلا اور گوگا پسروری سمیت دیگر کی شرکت

ریاض (وقار نسیم وامق) ہنڈی سے انکار پاکستان سے پیار کے سلوگن کے ساتھ بینک الحبیب اوورسیز پاکستانیوں کو بنکنگ سسٹم کے ذریعے ترسیلات زر کو پاکستان بھجوانے کے لئے آگاہی مہم چلا رہا ہے جو کامیابی کے ساتھ چل رہی ہے ۔

سعودی عرب میں بینک الحبیب کی جانب سے جدہ اور ریاض کے لیبر کیمپوں میں آگاہی پروگرام کروائے جا رہے ہیں جس میں پاکستانی ورکرز کو مختلف کھیلوں سے محظوظ ہونے کا موقعہ بھی مل رہا ہے اور انہیں بینک الحبیب کی جانب سے ورکرز کو بنکنگ سسٹم کے ذریعے رقوم کی منتقلی کی ترغیب بھی دی جا رہی ہے جس میں انہیں بتایا جا رہا ہے کہ سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور انکی بھیجی گئی ترسیلات زر کی بدولت پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری آتی ہے۔

بنک الحبیب کی جانب سے اسی حوالے سے سعودی دارالحکومت ریاض میں ریاض میٹرو لیبر کیمپ میں ایک بڑی تقریب منعقد کی گئی جس میں ہزاروں پاکستانی ورکرز شریک ہوئے جبکہ سفارت خانہ پاکستان کے افسران سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے اسکے پاکستان سے نامور گلوکار ملکو اور طایر عباس سمیت پاکستان کے صف اول کے کامیڈین آغا ماجد،سلیم البیلا اور گوگا پسروری سمیت دیگر کو مدعو کیا گیا تھا جنھوں نے ہزاروں ورکرز کو قومی اور علاقائی گیتوں سے محظوظ کیا جبکہ کامیڈین نے اپنی پرفارمنس سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں۔

اس موقعہ پر بنک الحبیب کے جی ایم قمبر علی نے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں سب سے زیادہ پاکستانی ورکرز کام کرتے ہیں جو ہمارا فخر اور اثاثہ ہیں ہمارا مقصد یہی ہے کہ تمام ورکرز اپنی ترسیلات زر کو بنکنگ سسٹم کے ذریعے پاکستان بھجوائیں اور اس حوالے سے بنک الحبیب اپنی ملک گیر گیارہ سو برانچز کے ساتھ سب سے بڑا نیٹ ورک فراہم کرتا ہے اور پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں برانچز سے اوورسیز پاکستانیز کے اہل خانہ رقوم آسانی سے حاصل کر سکتے ہیں ۔

تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے ہیڈ آف چانسری محسن سیف اللہ اور آئی پی جی کے سی ای او جواد غلام رسول نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی ورکرز کی صلاحیتوں اور وطن سے دور رہ کر ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ انجام دینے کو سراہا اور کہا کہ ورکرز کی پاکستان بھیجی گئی ترسیلات زر سے ہی پاکستان کی معیشت کو مضبوط سہارا ملتا ہے۔

بنک الحبیب کی جانب سے جدہ کے مسعود مساد اور بیک کیمپوں سمیت ریاض کے التمیمی اور بیکس کیمپوں میں بھی آگاہی پروگرام منعقد کیے گئے جن میں پاکستانی ورکرز نے مختلف کھیلوں میں شرکت کرکے جہاں انعامات جیتے وہیں بنک الحبیب کے اسسٹنٹ جنرل منیجر بزنس ڈویلپمنٹ ڈویژن شہریار صفدر نے ورکرز کو بتایا کہ پاکستان کی اکانومی میں ورکرز کا بنیادی کردار ہے اس لئے بنکنگ سسٹم سے ہی رقوم کی منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔

اس سے پاکستان میں ترقی منصوبوں میں تیزی آتی ہے اور عوام کو بہتر سہولیات میسر آتی ہیں، پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہماری پہچان پاکستان ہی ہے ہمیں وطن سے دور رہ کر جہاں پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنا ہے وہیں زرمبادلہ کی صورت میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھی کردار ادا کرنا ہے اور بنک الحبیب اور ورکرز کا ساتھ پاکستان کی معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں اور مزید کرتے رہیں گے۔

Awareness campaignbank al habibbank al habib Awareness campaignoverseasoverseaspakistanisRemittance through banking system
Comments (0)
Add Comment