ڈنمارک (انصراقبال بسرا) منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے نارتھ ویسٹ مرکز پر منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے زیر اہتمام سالانہ تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ تقریب میں تمام طلباء، اساتذہ، معلمات کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں بچوں کے والدین اور پاکستانی کمیونٹی سے معزز مہمانان گرامی نے شرکت کی۔
ڈنمارک کی سرزمین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا منظم کام پاکستان کے بعد یہاں سے شروع ہوا۔ اس وقت سو سے زائد ممالک میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ہمہ جہت خدمات سرانجام دے رہی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کے علمی، فکری اور روحانی فیوضات سے ایک زمانہ مستفیض ہو رہا ہے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے چار مراکز قائم ہیں جہاں سے اہل ایمان کے لیے تعلیمی، تربیتی اور تبلیغی خدمات کے علاوہ نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تعلیم و تربیت کا ایک مثالی انتظام ہے۔ڈنمارک میں منہاج القرآن انٹرنیشنل دینی علم کے فروغ میں بے مثال خدمات سرانجام دے رہی ہے جس کے ذریعہ سے مسلم کمیونٹی بالعموم اور نوجوان نسل بالخصوص دینی تعلیم و تربیت سے آراستہ ہو رہی ہے۔منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے زیراہتمام اس وقت سات شعبہ جات کام کر رہے ہیں۔ جن میں شعبہ درس نظامی، شعبہ حفظ القرآن، شعبہ ناظرہ تعلیم القرآن، شعبہ اسلامک ایجوکیشن، شعبہ اُردوزبان، شعبہ شارٹ کورسز اور ڈپلومہ ایجوکیشن شامل ہیں۔
Denmark: Minhaj School of Islamic Sciences Annual Examinations and Awards Ceremony#minhajulquran pic.twitter.com/cG5GfkiCk2
— tarkeen-e -watan (@ETarkeen) December 22, 2023
ان شعبہ جات میں چاروں مراکز پر زیرتعلیم طلباء و طالبات کی تعداد پانچ سو سے زائد ہے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جبکہ سکول کے طلباء و طالبات نے گروپ کی صورت میں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ انعامات کی تقسیم سے قبل طلباءو طالبات نے شرکاء کے سامنے اپنی مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مختلف کلاسز کے طلباء و طالبات نے انفرادی و اجتماعی طور پر قرأت ونعت کے مقابلہ جات میں حصہ لیا، طلباء نے اردو اور ڈینش زبان میں تقاریر بھی پیش کیں۔ کامیاب طلباءو طالبات میں انعامات اور میڈلز تقسیم کیے گئے ۔
تحریک کے قائدین اور والدین نے طلباء وطالبات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سنٹر کے صدر حافظ سجاد احمد اور انکی پوری ٹیم اور اساتذہ کو مباکبادیں دیں اور معزز مہمانوں نےطلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب سے صدر منھاج یورپین کونسل بلال اپل نے بچوں کی تعلیم و تربیت کی ضرورت واہمیت پر اور علم کی ترویج واشاعت کے حوالے سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ شیخ لاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علم اور تعلیم کے میدان میں بے مثال خدمات ہیں۔ انہوں نے کامیاب تعلیمی نظام چلانے اور نوجوان نسل کی تعلیم وتربیت میں اپنا کردار ادا کرنے پر تحریک کے قائدین، سنٹر انتظامیہ، تمام معلمین و معلمات اور پرنسپل کو خصوصی مبارکباد بھی پیش کی۔
تقریب سے جنرل سیکرٹری منہا ج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک فیصل نجیب نے سنٹر انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء وطالبات کو مبارکباد پیش ،ڈائریکٹر ایجوکیشن بورڈ ڈنمارک اور پرنسپل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے تمام اساتذہ کی مثالی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کیلئے اپنے تعریفی کلمات کا اظہار کیا اور کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے تمام وابستگان اور مسلم کمیونٹی کے لیے یہ امر باعث اطمینان ہے کہ نظامت تعلیمات منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے تحت اساتذہ کرام نوجوان نسل کی بہترین دینی و اخلاقی تربیت میں مصروف عمل ہیں۔
تقریب میں بلال اپل (صدرمنہا ج یورپین کونسل )، علی عمران ( پروجیکٹ ڈائریکٹر منہا ج یورپین کونسل)، فیصل نجیب (جنرل سیکرٹری منہاج القرآن ڈنمارک)، نفیس فاطمہ افتخار (سربراہ شعبہ اردو لینگوئج اینڈ اسلامک سٹڈیز و سرپرست منہاج ویمن لیگ ڈنمارک)، بشری پروین (صدر منہاج ویمن لیگ ڈنمارک)، ڈاکٹر محمد ندیم عاصم ، انیسہ شاہین (صدر منہا ج ویمن لیگ نارتھ ویسٹ سنٹر)، مریم ادریس، صدف شمس، یاسمین ندیم ، صباء نورین نے شرکت کی ۔
تقریب کے آخر میں سکول کے پرنسپل ڈاکٹر علامہ حافظ محمد ادریس الازھری نے سالانہ تقریب میں تشریف لانے والے معزز مہمانان گرامی قدر ، والدین ، طلباء وطالبات کی خدمت میں کلمات تشکر پیش کئے اور اختتامی دعا کروائی،اختتام پر تمام شرکاء کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔