برسلز (نمائندہ خصوصی) یورپین یونین، بلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے بلجیئم کےڈی جی امیگریشن فریڈی روز مونٹ سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان جاری موبلٹی اور مائیگریشن ڈائیلاگ کا حصہ تھی۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے اس حوالے سے دو طرفہ تعاون کیلئے نئی جہات اور ان کے طریقہ کار پر گفتگو کی۔ ملاقات میں سفیر پاکستان نے بلجیئم کی مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر پاکستانی افرادی قوت مہیا کرنے کی پیشکش کا اعادہ کیا اور اس کے لئے باہمی طور پر طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس ملاقات میں سفیر پاکستان نے بلجیئم کےڈی جی امیگریشن کے ساتھ پاکستانی طلباء کو پیش آنے والے مسائل پر بھی گفتگو کی اور ان کو حل کرنے کی ضرورت کی طرف متوجہ کیا۔
اس کے ساتھ ہی بلجین یونیورسٹیوں میں مزید پاکستانی طلباء کی تعلیم کے لئے آمد اور بلجیم بہترین تعلیمی نظام سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔