سوئٹزرلینڈ نے ہر شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے، سفیرپاکستان عامرشوکت
سوئٹزرلینڈ اور پاکستان کے درمیان متعدد دوطرفہ معاہدے ہیں، تھامس گوربر
برن (نمائندہ خصوصی) سفارت خانہ پاکستان برن سوئٹزرلینڈ نے 24 جون 2024 کو پاکستان کے قومی دن (23 مارچ) اور پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ایک خصوصی استقبالیہ کا اہتمام کیا۔
یہ تقریب برن میں یونیورسل پوسٹل یونین میں منعقد ہوئی سفارتخانے نے اعلیٰ سرکاری حکام، سفیروں، تاجروں، صحافیوں اور پاکستانی تارکین وطن کے اراکین کو مدعو کیا، ایف ڈی ایف اے کے ڈپٹی سیکرٹری ایمبیسیڈر تھامس گوربر Thomas Grueber مہمان خصوصی تھے۔
سفیرپاکستان عامرشوکت اور بیگم سفیر پاکستان نے مہمانوں کوخوش آمدید کہا، اس موقع پر پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے قومی ترانے پیش کئے گئے۔
سفیر پاکستان نے تمام مہمانوں کا اور خاص طور پر تھامس گوربر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈ نے ہر شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے اور خاص طور پر جب پاکستان میں سیلاب آیا تو سوئس نے بھرپور ساتھ دیا ،یہ دوستی مستقبل میں بھی مضبوط سے مضبوط تر ہوگی۔
اس موقع پر تھامس گوربر نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ اور پاکستان کے درمیان متعدد دوطرفہ معاہدے ہیں، جن میں سرمایہ کاری کے تحفظ، قرضوں کے استحکام، ہوا بازی، دوہرے ٹیکس کے ساتھ ساتھ مالیاتی کھاتوں سے متعلق معلومات کا تبادلہ شامل ہیں، سوئٹزرلینڈ بھی پاکستان کے ساتھ باقاعدہ سیاسی مذاکرات میں مصروف ہے۔
مذاکرات کا گیارواں دور نومبر 2021 میں اسلام آباد میں ہوا،سوئٹزرلینڈ اور پاکستان اچھے تجارتی اور اقتصادی تعلقات رکھتے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ ہمیشہ سے پاکستان میں سب سے اوپر سات غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاروں میں سے ایک رہا ہے۔
بڑی سوئس کمپنیاں پاکستان میں موجود ہیں جن میں تقریباً 15000 افراد کام کر رہے ہیں۔ 2021 میں پاکستان کو سوئس برآمدات تقریباً 398 ملین امریکی ڈالر اور بنیادی طور پر مشینری، کیمیائی اور دواسازی کی مصنوعات اور گھڑیاں شامل ہیں۔