مالمو (نمائندہ خصوصی) یورپ بھر کی طرح سویڈن میں بھی مجالسِ محرم الحرام کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے، امامیہ ویلفیئر آرگنائزیشن مالمو کی جانب سے ایسی منفرد مجالس منعقد ہوتی ہیں جس میں اہلسنت و الجماعت سے تعلق رکھنے والی شخصیات اپنے کلام اور خطاب سے اتحاد ِبین المسلمین کی منفرد مثال قائم کرتے ہیں۔
سویڈن بھر میں مجالسِ محرم الحرام اور عزاداری کا سلسلہ جاری ہے، مالمو شہر میں امامیہ ویلفیئرآرگنائزیشن ہرسال اہلسنت و الجماعت سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات کو مدعو کرکے شیعہ سنی اتحاد کی بین الاقوامی مثال قائم کرتے ہیں۔
اس سال ہونے والی مجالس میں مولانا سید ضیغم عباس نقوی اسپین کے شہر بارسلونا سے خصوصی طور پرمالمو شہر کی مجالس میں بطور خطیب خدمات انجام دے رہے ہیں۔ محرم الحرام کی چوتھی مجلس میں اہلسنت و الجماعت سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
منہاج القرآن مالمو سے امام اصغر، شیخ اعجاز اور شاہد خان نے شرکت کی جبکہ پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ سے زبیر حسین شریک ہوئے، شاہد خان نے عقیدت حسین میں کلام پیش کیا جبکہ امام اصغر نے حسینیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ زبیر حسین نے اہل بیت سے محبت کی اہمیت پر اشعار پیش کئے۔
مولانا سید ضیغم عباس نقوی نے واقعہ کربلا پر جب خطاب کیا تو ہر آنکھ اشک بار ہوگئی، مجلس کے اختتام پر عزاداری کی گئی اور شرکاءمیں حسینی لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔