ایسوسی ایشن آف کشمیر اولڈسٹوڈنٹس ( AKOS International ) اور محفل فکر و فن کے زیر اہتمام حسب سابق یوم پاکستان کے حوالے سے ہاہیڈ پارک لندن نزد ڈایانہ میموریل مورخہ 11 اگست بروز اتوار بوقت 2بجے دن سے چھ بجے تک اہل ذوق اور ادب پرور ہم خیال لوگوں کی ایک علمی ادبی ثقافتی اور تفریح نشست جس میں فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے ہر مکتبہ فکر کے با صلاحیت لوگ ذوق و شوق سے تشریف لا کر اپنی اپنی تخلیقات ، فن اور صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ فرماتے ہیں ۔
اس تقریب میں ایسے نئے آرٹسٹ جنہیں بڑے پلیٹ فارمز پر اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع نہیں ملتا ان کی حوصلہ افزائی کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے تا کہ ان کا جذبہ خود اعتمادی پروان چڑھ سکے ۔ یہ محفل مکمل طور پر سیلف سپورٹڈ ہوتی ہے اور شرکائے پروگرام اپنی پسند کی خورد و نوش کی اشیاء قدرے زاہد از ضرورت لے کر آتے ہیں تاکہ خوش ذائقہ کامن دسترخوان کی لزتوں ، برکتوں اور ثواب میزبانی میں نہ صرف ان کا بھرپور حصہ ہو بلکہ نشست کا تفریح پہلو بھی نمایاں رہے ۔
بروز اتوار ہاہیڈ پارک کے گرد و نواح میں فری پارکنگ اکثر میسر آ جاتی ہے تاہم پارکنگ رولز ضرور دیکھ لیجیے گا ۔ پروگرام کا فارمیٹ کچھ یوں ہوتا ہے کہ2سے 3 بجے تک خوش آمدید اور فیملی نیٹ ورکنگ تاکہ دور و نزدیک سے آئے ہو ئے لوگ ایک دوسرے سے پورے طور پہ متعارف ہو سکیں ۔ 3 سے 5 بجے تک کا وقت ملی نغموں ، شعراء ، ادیبوں ، گلوکاروں اور فنکاروں کے لیے مختص ہوتا ہے، 5 سے6 بجے کا وقت ہلکی پھلکی گپ شپ، قصہ بیانی اور لطیفہ گوئی کی نذر ہوتا ہے۔
اس کے بعد آزادانہ بیٹھک جس پہ حاضرین کا صوابدیدی اختیار ہے ، چونکہ اگست کا مہینہ انگلینڈ ، یورپ اور دیگر کئی ممالک میں تعطیلاتی مہینہ ہوتا ہے، اس میں بہت سے لوگ بغرض سیر و تفریح برطانیہ تشریف لائے ہوئے ہوتے ہیں، وہ اگر اپنی آمد سے مطلع فرما دیں تو انتظامیہ انہیں مہمانان خصوصی کے طور پر لے گی، اسی طرح کسی قسم کی پرفارمنس کے خواہشمند بھی پیشگی اطلاع دے دیں تو ان کے لیے مناسب وقت مختص کرنے میں آرگنائزرز کو آسانی رہے گی ۔
ایک سوال جو ہر سال متعدد بار پوچھا جاتا ہے منتظمین نے اس کے متعلق حتمی فیصلہ یہ کر رکھا ہے کہ ہر سال 14 اگست سے پہلے اتوار کو پروگرام انعقاد پذیر ہوا کریگا اور شرکت کے خواہشمند تمام خواتین و حضرات ہر قسم کے موسمی تقاضوں کے مطابق مکمل طور پر تیاری فرما کر آئیں ۔ ہلکی پھلکی بارش اور بوندہ باندی کے دوران بھی بزم آرائی انشاءاللہ العزیز حسب پروگرام ہی ہو گی ۔ تمام دوست احباب سے گزارش ہے کہ اگر ممکن ہو تو اپنے عزیز و اقارب سکول فیلو اور کالج فیلوز تک یہ معلومات شیئر کر کے ھاہیڈ پارک کی کھلی پر رونق فضاؤں میں اس یادگار تقریب میں اپنی اپنی شمولیت کو یقینی بنائیں وگرنہ تو حضرت غالب کی طرح ہم بھی یہی کہتے رہ جائیں گے کہ :
یاد تھیں ہم کو بھی رنگا رنگ بزم آرائیاں
لیکن اب نقش و نگار طاق نسیاں ہو گئیں
اللہ پاک آپ سب کو اپنے حفظ وامان میں رکھے اور ملاقات بخیر ہو ۔ آمین ثمہ آمین ۔
مزید معلومات کے لیے معروف شاعر اور بانی رکن محفل فکر و فن جناب احسان شاھد صاحب بی ای ایم رابطہ نمبر 07801179990
یا پھر راقم سے رابطہ فرمائیں
اللہ حافظ ۔ یار زندہ صحبت باقی ۔