ویانا (رپورٹ:محمد عامر صدیق) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں نور اسلامک سینٹر کے زیر اہتمام بسلسلہ ربیع الاول عظیم الشان سالانہ محفل میلاد مصطفیﷺ کا انعقاد 14ستمبر بروز ہفتہ کیا گیا۔
محفل میں سفارت خانہ پاکستان کے اسٹاف سمیت آسٹریا کے چھوٹے بڑے شہروں سے پاکستانی کمیونٹی کے بزرگوں، نوجوانوں، بچوں اور خواتین نے بھرپور شرکت کی۔
نورانی محفل کے شرکا نے درود و سلام کی صدائیں بلند کیں اور حضور پُرنور حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کا جشن منایا۔ محفل کی نقابت کے فرائض اوزیفہ ربانی نے بہت ہی خوبصورت انداز میں انجام دیے۔
تلاوت قر آن پاک کے بعد سرکار صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی نعت کی سعادت حاجی اکبر، شیخ محمد وقاص احمد،غلام مصطفی نعیمی،صیاب احمد اور شہریار خان کو حاصل ہوئی۔
جرمن زبان میں ڈاکٹر عاطف نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر مختصر خطاب کیا۔ نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے اپنے خصوصی خطاب میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر خطاب کیا۔
انہوں نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت اور میلاد منانے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایمان کی شرط اولین ہے جس کی تکمیل ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر ممکن نہیں۔
جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانا مستحسن اور جائز عمل ہے بلکہ مادہ پرستی کے اس دور میں مسلمانوں کے دلوں میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فروغ دینے کا انتہائی موثر تیر بہدف نسخہ ہے، جس کی آج امت مسلمہ کو ضرورت ہے،بعداز نماز مغرب کے بعد سب نے مل کر صلاۃ وسلام حضور اکرم صلی اللّٰہ علیہ السّلام پیش کیا۔
آخر میں نور اسلامک سینٹر کے خطیب نے خصوصی دعا ملک پاکستان، فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں حاضرین کے لیے خصوصی دعائیں کی۔محفل کے اختتام پر حاضرین محفل کے لئے لنگر و نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا۔
مسجد نور اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبد الحفیظ الازہری نے تمام لوگوں کا محفل میں آنے کا شکریہ ادا کیا۔