بارسلونا(نمائندہ خصوصی )بارسلونا میں پاکستانی مزدروں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیم پاکستان ورکرز یونین کی جانب سے قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری کے لئے الوداعی ظہرانے کا اہتمام کیاگیا۔ تقریب میں کمیونٹی رہنما ئوں نے بھرپور شرکت کی۔
پروگرام کے میزبان جاوید الیاس قریشی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ غیر قانونی طور پرسپین پہنچنے والے افراد کو بہت سارےمسائل کاسامنا کرتے ہیں۔جس میں پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کا حصول بہت مشکل ہوتاہے۔ ہمارے آفس میں لوگ قونصل خانے کے رویے پر روتے تھے۔ عمران علی چوہدری نے عام آدمی کے حالات اور مشکلات کو ختم کرنے میں اہم کردار اداکیاہے۔
تقریب میں موجود شرکاء نے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران علی چوہدری کا دور سنہرا دور تھا اس میں عام آدمی کو قونصل جنرل کے آفس تک رسائی حاصل تھی۔ پاکستانی کمیونٹی کا روشن چہرہ سپین کے مختلف اداروں کے سامنے لانے میں کردار ادا کیاہے۔ شرکاء نے عمران علی چوہدری کے سفارش کو ختم کرنے اور سارے پاکستانیوں کو برابری کی سطح پر حقوق دینے پر سراہا۔
عمران علی چوہدری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ پاکستانی کمیونٹی نے مشکل وقت میں ہمیشہ انکا ساتھ دیاہے۔ وہ ایک فنکشنل ادارہ بارسلونا کی عوام کو دے کر جا رہے ہیں۔ ادارے کا تحفظ آپ کی ذمہ داری ہے۔انھوں نے کہاکہ پاسپورٹ کی اہمیت وہی سمجھ سکتاہے جس کو اس کی سہولت میسر نہیں ہوتی۔ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنا کام ایمانداری سے کرنے اور ہمیشہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اور مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی ہے۔
نقابت کے فرائض صحافی شاعر فیاض ملک نےادا کئے۔ جب کے دیگر مقررین میں چوہدری امتیاز لوراں ، چوہدری ادریس ،افضال احمد بیدار ،وسیم رزاق ،ارشد نذیر ساحل ،چوہدری محمد افضال ،شہزاد اکبر ،سفیان یونس ،قاری عبدالرحمان چوہدری شامل تھے پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کی جانب سے قونصل جنرل بارسلونا کو تحائف دئیے گئے۔ جبکہ پاکستان ورکرز یونین کے صدر جاوید الیاس قریشی اور انکی ٹیم کی جانب سے قونصل جنرل عمران علی کو اعزازی شیلڈپیش کی گئی ۔