بارسلونا (رپورٹ:کاشف شہزاد) صحافی اور معروف لکھاری ڈاکٹر قمر فاروق کی دو کتابوں،’’مولانا ابوالکلام آزاد سے انٹرویو‘‘اور ’’جہان خورشید‘‘ کی تقریب رونمائی مقامی ریسٹورنٹ پر ہوئی جس کی صدارت پاکستان فورم اسپین کے روح رواں سید ذوالقرنین شاہ نے کی جبکہ مہمان خصوصی قونصل جنرل مراد علی وزیر تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت حافظ ابوذر نے حاصل کی جبکہ ہدیہ نعت راجہ مظہر حسین اور قدیر اے خان نے پیش کیا۔تقریب کی نظامت مرزا ندیم ندیم بیگ نے سر انجام دی۔
قونصل جنرل مراد علی وزیر نے اپنے خطاب میں مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت اور ان کے سیاسی نظریات کا احاطہ کیا اور ڈاکٹر قمرفاروق کی اس کاوش کو سراہا ،انہوں نے کہا کہ میں نے یہ کتاب مولانا ابوالکلام آزاد کی سوانحی عمری کے طور پر پڑھی ہے انہوں نے بتایا کہ میں نے ابوالکلام آزاد میں بہت پڑھا ہے وہ سیاست دان،انشا پردازاور عالم تھے۔
جہان خورشید پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صاحبزادہ خورشید گیلانی نے وحدت امت کے نظریہ پر کام کیا ان کی پوری زندگی اسی نظریہ کے گرد گھومتی نظر آتی ہے آج ہمیں سب سے زیادہ اسی بات کی ضرورت ہے کہ ہم متحد ہوجائیں،قونصل جنرل مراد علی وزیر نے اسپین میں بسنے والے پاکستانیوں سے کہا کہ اب آپ ادھر آگئے ہیں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے یہاں پر اپنے خاندان بناو ،آپس میں ملو یہاں پر تمام برادریاں اور نسل کے پاکستانی موجود ہیں اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے یہاں ہی رشتہ داریاں کرو،انہوں نے کہا کہ اپنی ثقافت اور ملک سے جڑے رہنے کے لئے آپ کے بچوں کو اردو زبان کا آنا بہت ضروری ہے اور ڈاکٹر قمرفاروق یہ کام کر رہے ہیں ان کی کتابیں اپنے گھروں میں رکھیں اور بچوں کو اردو کی جانب اور کتاب دوستی کی جانب راغب کریں ۔
پاکستان فورم اسپین کے روح رواں اور تقریب کی صدارت کرنے والے سید ذوالقرنین شاہ نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہورہی ہے کہ آج ڈاکٹر قمرفاروق کی دو کتابوں کی تقریب رونمائی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اردو کی ترویج اور لکھاریوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ایسی تقریبات کا انعقاد کرتا رہوں گا۔
ڈاکٹر قمرفاروق نے استقبالیہ دیتے ہوئے اپنے پبلیشر ،فوٹوگرافرز اور کتاب میں معاونت کرنے والوں اور آج کی تقریب کے انعقاد میں حوصلہ افزائی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
محمد اقبال چوہدری،مسز سید ذوالقرنین شاہ،راجہ شفیق الرحمن ،سردار ارشد محمود،فیض اللہ ساہی،سید ایاز حسین،علامہ عبدالرشید شریفی نے ڈاکٹرقمرفاروق کی کتابوں”مولانا ابوالکلام آزاد سے انٹرویو”اور “جہان خورشید “پر اپنے مقالے پیش کئے جنہیں حاضرین نے پسند کیا اور کہا کہ ادبی محفل کا جو اصل رنگ ہونا چاہیے وہ آج کی محفل میں نظر آیا ہے۔
صدر پی ٹی آئی اسپین محمد شیراز بھٹی، سوشلسٹ رہنما حافظ عبدالرزاق صادق،کشمیری رہنما راجہ مختار احمد سونی، مسلم لیگی رہنما راجہ ساجد محمود ،شاعر نیئر اقبال نجمی نے کتاب اور صاحب کتاب پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر قمرفاروق نے بارسلونا میں تاریخ رقم کی ہے۔یہ ان کی محنت کا خاصہ ہے کہ آج پندرہ کتابیں ان کے کریڈٹ پر ہیں۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی کتاب دوست شخصیات نے بڑی تعدادمیں شرکت کی اور ڈاکٹر قمرفاروق کو کتابوں کی تقریب رونمائی پر مبارک باد دی۔
تقریب کے اختتام پر جنوری میں مرحوم شعیب ستی کی چوتھی برسی کے موقع پر علامہ عبدالرشید شریفی نے بلندی درجات کے لئے دعا کرائی،اور مرحوم راجہ شعیب ستی کی پاکستان اور اسپین میں مقیم پاکستانیوں کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔