سوئٹزرلینڈ :معروف کاروباری شخصیت سعید احمد کےبیٹے عبدالواسع کی رسم حنا کی خوشی میں پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد

زیورخ (رپورٹ:عمران مزمل) ثقافت کسی بھی معاشرے کے لیے روح کی حیثیت رکھتی ہے۔ اخلاقی و معاشرتی رسوم، علوم و فنون، عقائد و افکار کے مجموعے کو ثقافت خیال کیا جاتا ہے۔ علاقے کا رہن سہن، کھانا پینا، اُٹھنا بیٹھنا، لوگوں سے میل جول اور انداز گفتگو ، شعرائے کرام، موسم، کھیل کود ،شادی بیاہ و دیگر رسومات بھی ثقافت میں شمار ہوتی ہیں۔

ثقافت کو اتحاد کی علامت بھی قرار دیا جاتا ہےپاکستان کی ثقافت اور کلچر کو زندہ رکھنے کے لئے سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ میں مقیم پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت سعید احمد نے اپنےاکلوتے بیٹے عبدالواسع کی رسم حنا کی خوشی میں سوئس اور پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں آنے والے مہمانوں کا استقبال گول گپوں اور بمبئی کی تیکھی پاپڑیوں سے کیا گیا ،تقریب میں مقامی سوئس اور پاکستانی فیملیز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مشرقی روایات، پاکستانی ثقافت اور کلچر کو بھرپور طریقے سے عملی طور پر ناصرف دکھایا گیا بلکہ پروموٹ بھی کیا گیا۔

رنگوں سے مزین اور خوشیوں سے بھرپور اس تقریب میں پاکستانی خواتین اور بچوں نے مشرقی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے ۔پاکستانی شادی میں ادا کی جانے والی رسومات کو سوئٹزرلینڈ کی سر زمین پر ادا کر کے پاکستان سے دوریوں کا احساس ختم کر دیا گیا۔

خواتین نے ڈھولک بجا کر تقریب کا آغاز کیا اور شادی کے گانوں پر لڈی بھی ڈالی جس میں سوئس فیملیز نے بھی بھرپور حصہ لیا۔مہندی کی رسم بھی ادا کی گئی۔ عبدالواسع کے دوستوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈال کر اپنی بھرپور دوستی کا اظہار کیا۔ جرمنی سے آئے خصوصی مہمان اور سنگر اشتیاق بٹ نےبرصغیر کے لیجنڈ سنگر محمد رفیع کی آواز میں گانے گا کر محفل میں سما باندھ دیا،شرکا کے لئے پاکستانی، اٹالین ، اور سوئس کھانوں کو خصوصی تیار کروایا گیا۔

آخر میں سعید احمد اور عبدالواسع نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہمارا بزنس ٹورازم سے منسلک ہے اور ہم نے یہ خصوصی تقریب اپنے سوئس،اٹالین دوستوں کے لئے سجائی ہے اور ہمارا مقصد نا صرف پاکستان امیج کو پروموٹ کرناہے بلکہ اپنی آنے والی نسل کے لئے اس خوبصورت کلچر کو زندہ رکھنا ہے۔

سوئٹزرلینڈ :معروف کاروباری شخصیت سعید احمد
Comments (0)
Add Comment