برلن (رپورٹ:مطیع اللہ) مشہور عالمی سیاحتی میلہ، ITB 2025، آج برلن میں شروع ہوا۔ تین روزہ میلہ 04-06 مارچ 2025 تک جاری رہے گا۔ سفیر ثقلین سیدہ نے صوبائی سیاحت کے حکام اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے نمائش کنندگان کے ہمراہ پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔
سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے سولہ (16) پاکستانی نمائش کنندگان قدرتی مناظر، آثار قدیمہ کے مقامات، ایڈونچر اسپورٹس اور مذہبی سیاحت سمیت مختلف مقامات کے لیے اپنے اپنے پیکیجز پیش کر رہے ہیں۔اپنے افتتاحی کلمات میں سفیر ثقلین سیدہ نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے سیاحتی میلے میں پاکستان کے ثقافتی اور سیاحتی رخ کی نمائندگی ہمیں دنیا کو اپنے خوبصورت مادر وطن سے روشناس کرانے کاموقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاحت کی متنوع لیکن بھرپور صلاحیت اسے دنیا کے منفرد ممالک میں سے ایک بناتی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم وطن عزیز کے حقیقی رنگوں کی جانب زیادہ سے زیادہ لوگوں کو راغب کرنے اور سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے مطلوبہ سہولیات اور کاوشیں ممکن بنائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس شرکت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے، سفارت خانہ کل (05 مارچ 2025) کو ثقافتی پہلو کو بھی اجاگر کرنے کے لیے ایک ضمنی تقریب کا انعقاد کرے گا۔ انہوں نےبرینڈ پاکستان کو فروغ دینے کے لیے سفارتخانے کی ہر ممکن حمایت کا اعادہ کیا۔
نمائش کنندگان نے تعاون پر سفیر اور سفارت خانے کا شکریہ بھی ادا کیا، پاکستان پویلین کو زائرین کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی جونمائش کنندگان کی قابل ذکر B2B ملاقاتوں سے واضح تھا۔
اس کے علاوہ پاکستانی سفارتخانہ، برلن کی جانب سے لگائے گئے انسٹنٹ پکچر بوتھ اور ڈیجیٹل ٹورازم کارنر نے بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کیا جنہوں نے دستکاری،روایتی پہناووں اور پاکستان کے قدرتی حسن کوخوب سراہا۔
آج کے دن کی سرگرمیوں کے اختتام پر سفیر نے پاکستان ہاؤس، برلن میں پاکستان کے مندوبین، دوستوں اور خیر خواہوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا۔ مہمانوں نے اس دعوت کو پاکستان کی ثقافت اور روایت کی ایک اور جھلک کے طور پرسراہا۔